وزیراعظم کی بیرونی سرمایہ کاروں اور سمندر پار پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کےتحفظ کویقینی بنانےکی ہدایت

0
7

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بیرونی سرمایہ کاروں اور سمندر پار پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کےتحفظ کویقینی بنانےکی ہدایت کی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ، کم لاگت گھروں کی فراہمی اور روزگار میں اضافے سے متعلق جائزہ اجلاس منعقدہوا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اپنا گھر ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رہائشی شعبے میں موجود سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے تمام رکاوٹیں دور کی جائیں۔
وزیراعظم نے بیرونی سرمایہ کاروں اور سمندر پار پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری سے معیشت کو فروغ ملے گا اور لاکھوں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تعمیرات اور ہاؤسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے قابلِ عمل حکمت عملی تیار کر کے اس پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جس میں پبلک و پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ ساتھ صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو بھی شامل کیا جائے۔
اجلاس کے دوران تعمیرات و رہائشی شعبے سے متعلق ٹاسک فورس اور ورکنگ گروپس کی تجاویز پر بریفنگ دی گئی، جبکہ منظور شدہ اقدامات پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بیرونی سرمایہ کاروں اور اوورسیز پاکستانیوں کے لیے خصوصی سہولیات، قانونی اصلاحات اور کم لاگت ہاؤسنگ منصوبوں کے لیے قرضہ اسکیموں پر کام جاری ہے۔ مزید یہ کہ بینکوں کو اگلے مرحلے میں مخصوص اہداف دیے جائیں گے، جبکہ مارگیج فنانس کے مکمل نظام اور ڈویلپر لیڈ فنانسنگ کے جامع فریم ورک کی تیاری بھی جاری ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ رہائشی تعمیرات کے شعبے کی ترقی کے لیے تمام اقدامات کو جلد حتمی شکل دے کر ان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، اٹارنی جنرل، گورنر اسٹیٹ بینک، صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے نمائندوں سمیت نجی شعبے کے ماہرین اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Leave a reply