ضمنی انتخابات میں ناکامی:پی ٹی آئی قیادت پریشان،حکمت عملی تبدیل کرنےکی تیاریاں

ضمنی انتخابات میں ناکامی پرتحریک انصاف کی قیادت پریشان ہوگئی،پی ٹی آئی نےحکمت عملی تبدیل کرنےکی تیاریاں شروع کردیں۔
ذرائع کےمطابق حالیہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف خیبرپختونخواکےحلقہ سےبھی شکست سے دوچاررہی ،جس کی وجہ سے اعلیٰ قیادت نےنئی حکمت عملی پرغوروفکرشروع کردیاہے۔ پارٹی قیادت طویل عرصے سے جاری محاذ آرائی کی پالیسی کی وجہ سے سیاسی میدان پھیلنے کی امیدمیں تھی لیکن اب اپنے ہی گڑھ خیبر پختونخوا میں بھی سکڑتا جا رہا ہے۔
ذرائع کابتاناہےکہ قیادت اب مذاکرات کی سیاست اختیار کرنے پر غور کر رہی ہے۔ سینئر رہنما ہری پور کی شکست کا جائزہ لے رہے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ جس سیاسی میدان کو پی ٹی آئی گزشتہ کئی ماہ سے حاصل کرنے کی کوشش کر رہی تھی وہ ’’خیبر پختونخوا میں بھی سکڑ رہا ہے،‘‘ حالانکہ صوبے میں پارٹی کی اپنی ہی حکومت ہے۔
قومی اسمبلی کےسابق اپوزیشن لیڈر وپارٹی کےسیکرٹری جنرل عمرایوب کی نااہلی پرخالی ہونےوالی نشست ہی تحریک انصاف دوبارہ نہ جیت سکی۔ یہ شکست پارٹی میں ایک وارننگ سمجھی جا رہی ہے کہ موجودہ طرز سیاست شاید اب مزید قابل عمل نہیں رہا۔
بیرسٹر گوہر کے بقول انہوں نے ’’گزشتہ تین برسوں میں پارٹی کی سیاسی حکمت عملی کے فوائد اور نقصانات‘‘ کا جائزہ لیا۔















