دنیا کے بہترین ایئر پورٹس کی رینکنگ جاری، پاکستانی ہوائی اڈہ بھی شامل

0
9

فضائی مسافروں کیلئے خوشخبری،دنیا کے بہترین ایئر پورٹس کی رینکنگ جاری، پاکستانی ایئرپورٹس کی درجہ بندی بھی سامنے آ گئی۔
دنیا بھر کے ایئرپورٹس کی کارکردگی اور مسافروں کو فراہم کی جانیوالی سہولیات سے متعلق معروف سکائی ٹریکس نے اپنی تازہ ترین عالمی رینکنگ رپورٹ جاری کر دی، جس میں پاکستان کے بڑے ایئر پورٹس کی درجہ بندی بھی سامنے آ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو عالمی سطح پر 3 سٹار کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ لاہور اور کراچی کے بین الاقوامی ایئرپورٹس کو 2 سٹار کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔ یہ درجہ بندی نا صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے ہوابازی کے شعبے کیلئے ایک اہم اشارہ سمجھی جا رہی ہے، کیونکہ اس کا براہِ راست تعلق مسافروں کے سفر کے تجربے سے ہوتا ہے۔
رینکنگ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے مسافروں کی سہولیات، امیگریشن کے عمل سے ایسی سطح حاصل کی ہے، جو اسے 3 سٹار ایئرپورٹس کی فہرست میں لے آئی ہے۔ اس کیٹیگری میں شامل ہونا اس بات کی علامت سمجھا جاتا ہے کہ ایئرپورٹ بنیادی سہولیات کے ساتھ ایک معقول بین الاقوامی معیار پر پورا اترتا ہے ۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اسلام آباد ایئرپورٹ کے ساتھ اسی 3 سٹار کیٹیگری میں دنیا کے کئی بڑے اور مصروف ایئرپورٹس بھی شامل ہیں۔ ان میں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ، مانچسٹر ایئرپورٹ، نیو یارک کا جان ایف کینیڈی (جے ایف کے) ایئرپورٹ، واشنگٹن کا بڑا ایئرپورٹ، ماسکو، میکسیکو سٹی اور کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹس شامل ہیں۔
سکائی ٹریکس کی درجہ بندی کا معیار ایئرپورٹس پر مسافروں کو دستیاب سہولیات، امیگریشن اور سکیورٹی کے عمل، ٹرمینلز کے آرام، صفائی، معلوماتی نظام اور مجموعی سفری تجربے پر مبنی ہوتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر صرف 12 ایئرپورٹس ایسے ہیں ،جنہیں 5 سٹار کی اعلیٰ ترین کیٹیگری دی گئی ہے۔ یہ ایئر پور ٹس بہترین سہولیات، جدید انفرا سٹرکچر اور غیر معمولی سروس کے حامل سمجھے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ 81 ایئرپورٹس کو 4 سٹار کیٹیگری میں رکھا گیا ہے، جو اعلیٰ معیار کی نمائندگی کرتے ہیں۔

Leave a reply