راولپنڈی سیف اینڈ سمارٹ ریلوے سٹیشن کا افتتاح کر دیا گیا

ریل کے مسافروں کیلئے خوشخبری، راولپنڈی سیف اینڈ سمارٹ ریلوے سٹیشن کا افتتاح کر دیا گیا ۔
وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے راولپنڈی ’’سیف اینڈ سمارٹ ریلوے سٹیشن‘‘ کا افتتاح کر دیا۔ایف بلو واو کے تعاون سے راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر جدید ’’سیف اینڈ سمارٹ سٹیشن سسٹم‘‘ نصب کیا گیا۔ جدید سسٹم میں 143 کیمروں پر مشتمل فول پروف نگرانی کا نظام فعال کر دیا گیا۔
وزیر ریلوے نے سی آئی پی لاؤنج اور نیا ویٹنگ ایریا کا بھی باقاعدہ طور پر افتتاح کیا۔راولپنڈی پہلا سٹیشن بن گیا جسے جدید حفاظتی مانیٹرنگ سسٹم سے آراستہ کیا گیا۔ نیا نظام سٹیشن، اطراف کے علاقوں اور ریزرویشن آفس کی مسلسل نگرانی یقینی بنائے گا۔ سیف اینڈ سمارٹ سسٹم سے عملے کی کارکردگی کی مؤثر مانیٹرنگ بھی ممکن ہوگی۔
ملک کے بڑے ریلوے سٹیشنز پر جدید سی آئی پی لاؤنجز کی تعمیر جاری ہے جس سے مسافروں کے لیے پُرسکون ماحول کی فراہمی ممکن ہوگی۔لاؤنجز میں چائے اور ریفریشمنٹ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی جبکہ خواتین اور فیملیز کے لیے علیحدہ ویٹنگ ایریاز قائم کیے جا رہے ہیں۔ تمام بڑے سٹیشنز پر مفت وائی فائی اور اے ٹی ایم مشینز کی سہولت میسر ہوگی۔
دوسری جانب پرانی بوگیوں کی ریکس کو ریفربشڈ ماڈلز سے تبدیل کرنے کا عمل جاری ہے۔ لاہور تا راولپنڈی چلنے والی تین ریل کاروں کی ریکس تبدیل کر دیے گئے جبکہ چوتھی 15 نومبر کو تبدیل کی جائے گی۔ریل کارز میں مسافروں کو لازمی سنیکس کی فراہمی شروع کر دی گئی، سفر کو مزید آرام دہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وزیرِ ریلوے کا کہنا تھا کہ مسافروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔فیصل آباد ریلوے سٹیشن کی اَپ گریڈیشن مکمل ہوگئی ہے جس کا وزیرِ ریلوے نے دو روز قبل افتتاح کیا۔ فیصل آباد سٹیشن کی تزئین و آرائش جدید معیار کے مطابق مکمل کی گئی۔کراچی کینٹ سٹیشن کا بھی جلد افتتاح کیا جائے گا۔ کراچی کینٹ سٹیشن میں لاہور سے بھی زیادہ جدید سی آئی پی لاؤنج اور ویٹنگ ایریاز تیار کیے جا رہے ہیں،پاکستان ریلوے جدید، محفوظ اور مسافر دوست نظام کی جانب گامزن ہے، جس کے باعث ترقی کا سفر جاری ہے۔
پنڈی سٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ آر ڈی ایم سی کے اشتراک سے 884 کلومیٹر طویل روہڑی نوکُنڈی ٹریک اَپ گریڈ کیا جائے گا، منصوبہ وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی اور وژن کے تحت مکمل کیا جا رہا ہے۔















