عمرہ زائرین کیلئےاردوسمیت متعدد زبانوں میں ایپ کی سہولت متعارف

سعودی عرب نے عمرہ زائرین کواردو سمیت متعدد زبانوں میں ایپ کی سہولت فراہم کر دی۔
مملکت کے ادارہ برائے امورِ حرمین شریفین نے عمرہ زائرین کیلئے اردو سمیت متعدد زبانوں میں ڈیجیٹل رہنما ایپ دلیل المصلی کی سہولت فراہم کردی ،اس ڈیجیٹل رہنما ایپ کے ذریعے عمرہ زائرین کیلئے حرمین نمازوں کے اوقات، آئمہ حرمین و موذنین کا تعارف، قرآن کریم کے ڈیجیٹل نسخے، خطبات جمعہ اور حرمین شریفین میں ہونیوالے درس کے علاوہ مسنون اذکار بھی دیے گئے ہیں۔
اس ایپ میں رمضان ِکریم میں اعتکاف کے حوالے سے بھی مکمل رہنمائی دی گئی ہے،جبکہ نماز کے اوقات سے متعلق ایک ڈیجیٹل واچ کی سہولت بھی دی گئی ہے، جس کے ذریعے ایک سے دوسری نماز کے درمیان وقت کی نشاندہی کی جاسکتی ہے۔یہ ڈیجیٹل گائیڈ اردو، عربی، انگلش، ترکی، فرانسیسی، ملاوی اور انڈونیشیائی زبانوں میں ہےاور اس کا استعمال انتہائی آسان ہے۔
اس گائیڈ کو اپنے موبائل پر سکین کرنے کیلئے حرمین شریفین میں مختلف مقامات پرکیو آر کوڈ موجود ہیں، جنہیں سکین کرکے زائرین اپنے موبائل پر اس سے بھر پور فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔
 
                			
                                        			














