پاکستان میں رومانویائی ثقافت کے دن

فیچر: انوار ہاشمی
پاکستان اور رومانیا کے درمیان دوطرفہ ثقافتی، تجارتی اور عوامی تعلقات اہم سفارت کاری کے ذریعے قریب تر ہوتے جارہے ہیں ، پاکستانی عوام کی دلچسپی کا خیال رکھتے ہوئے پاکستان میں رومانیا کے سفارتخانے نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان میں پہلی مرتبہ رومانویائی ثقافت کے دن منارہا ہے’’ثقافت قوموں کو جوڑتی ہے‘‘ کے عنوان سے، رومانویائی ورثے، فنونِ لطیفہ اور ثقافتی سفارتکاری کے فروغ پر مبنی مختلف پروگراموں کا سلسلہ ہوگا۔ یہ تقریبات ماہ نومبر 2025 کے دوران اسلام آباد، کراچی اور پشاور میں منعقد کی جائیں گی۔

پروگرام کا آغاز کراچی سے ہوگا، جہاں رومانیہ کے قومی دن کی پیشگی تقریبات کے ساتھ ایک خصوصی تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے، یہ نمائش پاکستان اور رومانیہ کے درمیان 61 سالہ سفارتی تعلقات کی تاریخ کو اجاگر کرے گی۔ یہ نمائش رومانیہ کے نیشنل آرکائیوز اور وزارتِ خارجہ کے ڈپلومیٹک آرکائیوز کے تعاون سے تیار کی گئی ہے، جس میں دوستی کے اہم تاریخی لمحات کو تصویری سفر کے ذریعے پیش کیا جائے گا۔ افتتاح کے بعد یہی نمائش اسلام آباد اور پشاورمیں بھی منعقد کی جائے گی۔
اس سال کی تقریبات میں رومانیہ کے اوپیرا اور رقص کو بھی خصوصی طور پر شامل کیا گیا ہے۔
4 نومبر کو، رومانویائی سوپرانو جارجیانا کوستیا گلوگا کراچی میں منعقدہ ورلڈ کلچر فیسٹیول میں پرفارم کریں گی۔ اس کے ساتھ، 5 نومبر کو آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں اوپیرا ورکشاپ اور رومانیہ کی فلموں کی اسکریننگ بھی ہوگی، اسی ورلڈ کلچر فیسٹیول میں بیلے بیونڈ بارڈرز بھی ایک رقصی مظاہرہ پیش کرے گا ۔
رومانیہ کا سفارتخانہ نیشنل لائبریری آف پاکستان اور نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) اسلام آباد کی لائبریری کے لیے رومانیہ کے ادب، آرٹ، فوٹوگرافی اور تاریخ پر مبنی انگریزی کتب کا تحفہ بھی پیش کرے گا، جس میں رومانویائی کلچرل انسٹیٹیوٹ نے بھرپور تعاون کیا ہے۔
اسی ماہ نمل یونیورسٹی میں رومانیہ زبان لیکٹوریٹ کا افتتاح بھی کیا جائے گا، جو پروفیسر ڈاکٹر اوآنا اُرسالچے کی نگرانی میں کام کرے گا۔اس کام میں انسٹیٹیوٹل لِمبی رومانے (ILR) اور رومانیہ کی وزارتِ تعلیم و تحقیق شامل ہیں۔
اسی مناسبت سے پروفیسر اُرسالچے رانی میری آف رومانیہ کی شخصیت اور سفارتی خدمات پر ایک خصوصی لیکچر بھی دیں گی، اور مشہور دستاویزی فلم ’’ماری ہارٹ آف رومانیہ‘‘ کی اسکریننگ بھی ہوگی۔
15 نومبر کو، ایوارڈ یافتہ رومانویائی فلم“The New Year That Never Came”
کا خصوصی شو کراچی فلم سکول میں شام 7 بجے یورپی فلم فیسٹیول کے حصے کے طور پر پیش کیا جائے گا۔
پاکستان میں رومانویائی ثقافت کے دن کے حوالے سے منعقدہ تقریبات کےلئے پاکستان کا نمبر ون انفوٹینمنٹ ٹی وی ڈسکورپاکستان آفیشل پارٹنر ہے۔جوٹی وی اور وسیع ڈجیٹل نیٹ ورک کے ذریعے رومانیہ کے ثقافتی رنگ کروڑوں ناظرین تک پہنچا رہا ہے۔اس موقع پر سی ای او ڈسکور پاکستان ڈاکٹر قیصر رفیق نے پاکستان میں رومانویائی ثقافت کے حوالے سے مہینہ بھر تقریبات کے انعقاد پر رومانویائی سفارتخانے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسے پاک رومانیہ تعلقات میں اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔















