شہباز احمد سینئر کی سیاست میں انٹری فیصل آباد سے الیکشن لڑنے کا ارادہ

پاکستان ہاکی ٹیم کے لیجنڈ کھلاڑی اور سابق کپتان شہباز احمد سینئر نے سیاست میں قدم رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شہباز احمد سینئر جلد سیاست میں آنے کے حوالے سے باضابطہ اعلان کریں گے۔ وہ آئندہ عام انتخابات میں اپنے آبائی شہر فیصل آباد سے الیکشن لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
شہباز احمد سینئر کا شمار پاکستان سمیت دنیا کے بہترین ہاکی فارورڈز میں ہوتا ہے۔ اپنی غیر معمولی تیز رفتاری، شاندار ڈربلنگ، پھرتی اور حریف کھلاڑیوں کو چکمہ دینے کی صلاحیت کے باعث انہیں ’’میراڈونا آف ہاکی‘‘ اور ’’مین ود الیکٹرک ہیل‘‘ جیسے القابات سے نوازا گیا۔
انہوں نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 92 گول اسکور کیے۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے 1994 میں آخری مرتبہ ہاکی ورلڈکپ جیتا تھا۔
شہباز احمد سینئر دنیا کے واحد ہاکی کھلاڑی ہیں جنہوں نے مسلسل دو ورلڈکپ، 1990 اور 1994 میں، مین آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز حاصل کیا۔
اس کے علاوہ وہ ہاکی کے واحد کھلاڑی ہیں جنہیں حکومت پاکستان کی جانب سے ہلالِ امتیاز سے نوازا گیا۔















