پہاڑوں پربرفباری: پی ٹی ڈی سی کی سیاحوں کیلئے ایڈوائزری جاری

پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی)نے ملکہ کوہسار مری اور دیگر پہاڑی علاقوں میں ہونیوالی برفباری کے پیش نظر سیاحوں کیلئے ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ شدید موسمی حالات میں غیر ضروری سفر سے گریز اور پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے سے قبل تازہ ترین موسم اور ٹریفک صورتحال سے متعلق آگہی حاصل کی جائے۔
پی ٹی ڈی سی کا کہنا ہے کہ برفباری کے دوران سفر کرنیوالے سیاح صرف مکمل طور پر فِٹ اور اچھی حالت والی گاڑیاں استعمال کریں، گاڑیوں کے فیول ٹینک فل اور گرم کپڑے ساتھ رکھیں۔
مزید برأں ٹریفک پولیس نے بھی ڈرائیورز کوسختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ رفتار میں اعتدال رکھیں، غیر ضروری اوورٹیکنگ سے گریز اور گاڑیاں صرف مخصوص پارکنگ زونز میں کھڑی کریں،نیز برفباری کے دوران کسی بھی صورت ڈبل لائن نہ بنائی جائے، تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔
ایڈوائزری میں سیاحوں سے گزارش کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ٹوورسٹ ہیلپ لائن 1422 پر رابطہ کریں، تاکہ ان کاسفر خوشگوار اور یادگار ثابت ہو اور ملک میں سرمائی سیاحت کومزید فروغ مل سکے۔















