سپیشل اکنامک زونزترمیمی آرڈیننس واپس لینےکی سمری منظور،وزیراعظم نے دستخط کردیے

پیپلزپارٹی کااحتجاج،سپیشل اکنامک زونزترمیمی آرڈیننس واپس لینےکی سمری منظور،وزیراعظم محمد شہبازشریف نےدستخط کردیے۔
سپیشل اکنامک زونز ترمیمی آرڈیننس واپس لینے کی سمری منظور کر لی گئی، جس پر وزیراعظم نے دستخط کر دیے۔ وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے سپیشل اکنامک زون آرڈیننس واپس لینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے یہ آرڈیننس صدر مملکت کے دستخط کے بغیر جاری کیا تھا، تاہم سپیشل اکنامک زونز ترمیمی آرڈیننس 2026 کی قومی پالیسی سے ہم آہنگ نہ ہونے کے باعث واپس لے لیا گیا۔ صدر مملکت نے آرڈیننس واپس لینے کی ایڈوائس دی تھی۔
پیپلز پارٹی نے آرڈیننس کے اجرا پر شدید احتجاج کیا اور قومی اسمبلی سے واک آؤٹ بھی کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیشل اکنامک زونز آرڈیننس سمیت 6 دیگر بلز اور ایک آرڈیننس ایوان صدر بھجوائے گئے تھے۔
وفاقی حکومت کے ذرائع کے مطابق سمریوں اور فائلوں کی منظوری ای آفس کے ذریعے دی جاتی ہے اور ایوان صدر کی جانب سے ای آفس کے ذریعے اجتماعی طور پر تمام بلز اور آرڈیننسز کی منظوری دی گئی۔ اسی تناظر میں آرڈیننس جاری کر دیا گیا، تاہم جب فائلیں واپس موصول ہوئیں تو مذکورہ آرڈیننس پر صدر مملکت کے دستخط موجود نہیں تھے۔
ذرائع کے مطابق اب اس آرڈیننس کو بل کی صورت میں پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ سپیشل اکنامک زونز آرڈیننس کی واپسی کے بعد پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی اجلاس کے بائیکاٹ کے خاتمے کا فیصلہ کر لیا ہے۔















