حلال گوشت کی پیداوارکوبڑھانےکیلئےخصوصی اقدامات اٹھائے جائیں، وزیراعظم

0
9

وزیراعظم شہبازشریف نےکہاکہ حلال گوشت کی پیداوارکوبڑھانےکیلئےخصوصی اقدامات اٹھائے جائیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت حلال گوشت کی برآمدی پالیسی پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم نے حلال گوشت کی برآمدی پالیسی کی باقاعدہ منظوری دے دی۔ اجلاس میں وزیراعظم نے حلال گوشت کی برآمدات بڑھانے کے لیے تین سالہ جامع حکمت عملی پیش کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ دو ہفتوں کے اندر عملی اقدامات پر مشتمل تفصیلی حکمت عملی پیش کی جائے۔ انہوں نے عالمی حلال گوشت مارکیٹ میں پاکستان کا برآمدی حصہ قابلِ قدر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ وفاقی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی کو ناگزیر قرار دیا۔ انہوں نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ پیداوار، کولڈ اسٹوریج، سپلائی چین اور دیگر متعلقہ عوامل کو بہتر بنانے کے لیے جامع تجاویز پیش کی جائیں۔
وزیراعظم نے حلال گوشت کی پیداوار میں اضافے کے لیے خصوصی اقدامات، وفاقی و صوبائی حکومتوں کے تعاون سے منظم مراکز کے قیام اور ملک میں موجود ذبح خانوں کی عالمی معیار کے مطابق سرٹیفکیشن پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ حلال گوشت کی برآمدات کے فروغ کے لیے دوسرے ممالک کے ساتھ دوطرفہ رجسٹریشن کے عمل میں حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

Leave a reply