سپریم کورٹ کی عمران خان سے ملاقات کی اجازت، بیرسٹر سلمان صفدر عدالتی کمیشن مقرر

سپریم کورٹ نے عمران خان سے ملاقات کی اجازت دےدی،عدالت نے بیرسٹر سلمان صفدر کوعدالتی کمیشن مقررکردیا۔
سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ بیرسٹر سلمان صفدر کی ملاقات آج ہی کرائی جائے۔بیرسٹر سلمان صفدر عدالتی کمیشن کے طور پر ملاقات کی رپورٹ پیش کریں گے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ 24 اگست 2023 کا عمران خان کی جیل سہولیات سے متعلق حکم موجود ہے اور عدالت کے حکم پر ہر صورت عمل ہونا چاہیے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نےکہاکہ بیرسٹر سلمان صفدر عدالت کے دوست کے طور پر آج ہی اڈیالہ جیل جائیں گے اور ملاقات کے بعد تفصیلی رپورٹ کل تک سپریم کورٹ میں جمع کروائیں گے۔
چیف جسٹس نے واضح کیا کہ بیرسٹر سلمان صفدر عدالتی مینڈیٹ کے ساتھ جا رہے ہیں، عدالت کے حکم پر جائیں اور رپورٹ دیں اور عدالت کو تفصیل سے آگاہ کیا جائے کہ عمران خان کس حال میں ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ بیرسٹر سلمان صفدر کو جیل کے باہر انتظار کروایا جائے، اور اگر کوئی مسئلہ ہو تو فوری طور پر چیف جسٹس کے اسٹاف آفیسر کو آگاہ کیا جائے۔
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ بیرسٹر سلمان صفدر سپریم کورٹ کے حکم پر جا رہے ہیں، جبکہ اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان ملاقات کا وقت مقرر کریں گے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ بیرسٹر سلمان صفدر اس حکم کو مثبت انداز میں لیں، اٹارنی جنرل عدالت کے حکم پر عمل یقینی بنائیں، اور عدالت کی معاونت کریں تاکہ کیس کا فیصلہ ہو سکے۔
بعدازاں عدالت نےکیس کی مزید سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی ۔















