جواایپ کیس :عدالت نے شریک ملزم کی بریت کی درخواست مسترد کر دی

جواایپ کیس میں عدالت نے شریک ملزم کی بریت کی درخواست مسترد کر دی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے کیس کی سماعت کی، جس میں یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی اور ان کی اہلیہ عروب جتوئی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے شریک ملزم سبحان کی بریت کی درخواست مسترد کر دی۔ مزید برآں عدالت نے ڈکی بھائی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف کیس کی سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے اگلی پیشی پر فردِ جرم عائد کرنے کے لیے ملزمان کو طلب کر لیا۔
سماعت کے دوران ڈکی بھائی نے مؤقف اختیار کیا کہ سبحان نے ان کی گرفتاری سے تین ماہ قبل ملازمت جوائن کی تھی اور وہ ایک لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ پر کام کر رہا ہے، اس کا مقدمے سے کوئی تعلق نہیں۔
عدالت نے عروب جتوئی کی قبل از گرفتاری ضمانت کے بارے میں پوچھا، جس پر وکیل نے بتایا کہ ان کی ضمانت منظور ہو چکی ہے۔
ڈکی بھائی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس میں سپرداری کی درخواست دائر کی گئی ہے، جس کے تحت این سی سی آئی اے کی تحویل میں موجود الیکٹرانک ڈیوائسز، موبائل فونز، چار کریڈٹ کارڈز اور رقم انہیں واپس دی جائے۔
واضح رہے کہ ڈکی بھائی کو دو روز قبل ہی ضمانت پر رہائی ملی تھی، جبکہ این سی سی آئی اے اس مقدمے میں متعدد ملزمان کے خلاف کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔















