بارشیں برسانے والے طاقتور سسٹم کی انٹری، الرٹ جاری

پاکستان میں بارشیں برسانے والے طاقتور سسٹم کی انٹری ہوگئی ، جس کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر حصوں میں آج سے 30 مارچ تک گرج چمک اور طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سلسلہ بلوچستان کے جنوب مغربی علاقوں میں داخل ہو چکا ہے، جس کے باعث صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا آغاز ہو گیا ہے۔مغربی سسٹم کے زیر اثر مختلف صوبوں میں موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں، جس سے نشیبی علاقوں میں فلش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کاکہناہےکہ یہ سسٹم ملک کے بیشتر حصوں، بشمول بالائی اور وسطی علاقوں میں طوفانی بارشوں، گرج چمک اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا باعث بن سکتا ہے۔الرٹ کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 30 مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ طوفانی ہواؤں اور موسلا دھار بارش کے پیشِ نظر شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
موسم کاحال بتانےوالوں کاکہناہےکہ پنجاب میں مجموعی طور پر موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ شام یا رات کے اوقات میں چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بھی آج بوندا باندی یا ہلکی بارش کا امکان ہے، جبکہ جمعرات کے روز گرج چمک کے ساتھ تیز بارش متوقع ہے۔















