آسمان بادلوں کے نرغے میں: ملک بھرمیں کڑاکے کی سردی کا راج

0
38

ملک بھر میں شدید سردی کا راج ، آسمان بادلوں کے نرغے میں آ گیا۔گزشتہ دو روز سےبادلوں اور سورج کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری ، جبکہ سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ،تاہم موسم خشک اور سرد رہے گا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ لاہور میں اس موسم سرما میں برفباری کا کوئی امکان نہیں، تاہم متعلقہ ادارے موسمیاتی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال درجہ حرارت میں کمی آئی ہے، لیکن پنجاب میں بارش کا حجم کافی کم رہا ہے۔ رواں سال دسمبر میں پنجاب میں صرف 2.5 ملی میٹر بارش ہوئی، جو گزشتہ سال کے 11.2 ملی میٹر کے مقابلے میں 75 فیصد کم ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے بقول پنجاب میں شدید دھند بھی ایک بڑا چیلنج ہے اور جب تک بارش نہیں ہوتی، دھند کی صورتحال میں بہتری نہیں آ سکتی۔دوسری طرف ملکہ کوہسارمری اور گلیات میں 17 اور 18 جنوری کے بعد بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ گزشتہ سال سردی کا موسم معمول سے طویل رہا تھا اور رواں سال بھی شدید سردی دیر سے شروع ہونے کے باعث طویل رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اےنے میدانی علاقوں میں برفباری کی خبروں کوافواہیں اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔
عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ کلائمیٹک پیٹرن تبدیل ہو رہا ہے اور مارچ یا اپریل کے آغاز تک سردی برقرار رہنے کا امکان ہے،تاہم 17 سے 18 جنوری کے بعد موسم کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

Leave a reply