تاریخ کا سب سے زیادہ گرم عشرہ2015 سے 2025 قرار

اقوامِ متحدہ کے موسمیاتی ادارے عالمی محکمہ موسمیات نے اپنی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ 2015سے 2025 تک کا عرصہ زمین کی تاریخ کا سب سے زیادہ گرم عشرہ رہا ، جبکہ ماحولیاتی نظام خطرناک حد تک عدم توازن کا شکار ہو چکا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 11 برس انسانی تاریخ کے گرم ترین سال ثابت ہوئے، 2025 میں زمین میں جمع ہونیوالی حرارت ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی، جس کے اثرات ہزاروں سال تک برقرار رہنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہےکہ عالمی موسمیاتی نظام ہنگامی حالت میں داخل ہو چکا اور زمین اپنی قدرتی حدود سے آگے دھکیلی جا رہی ہے، مسلسل گرم ترین برس اس بات کا واضح اشارہ ہیں کہ فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ماہرین کے مطابق زمین پر آنیوالی شمسی توانائی اور واپس خلا میں جانیوالی حرارت کے درمیان فرق بڑھ رہا ہے، جسےتوانائی عدم توازن کہا جاتا ہے اور یہ گزشتہ سال 2025 میں نئی بلند ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ فوسل فیول پر انحصار ناصرف ماحول، بلکہ عالمی سلامتی کو بھی غیر مستحکم کر رہا ہے اور موسمیاتی بحران تیزی سے شدت اختیار کر رہا ہے۔















