موبائل انٹرنیٹ کا معیار بہتر بنانے کے لیے پی ٹی اے متحرک

موبائل انٹرنیٹ اور ٹیلی کام سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے فیلڈ میں نگرانی کا عمل شروع کر دیا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی اے کے افسران نے موبائل انٹرنیٹ اور وائس سروسز کے معیار کا جائزہ لینے کے لیے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں چیکنگ شروع کر دی ہے۔ چیئرمین پی ٹی اے نے متعلقہ افسران کو موبائل سروسز کی کوالٹی کی براہِ راست نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ابتدائی مرحلے میں اسلام آباد میں تمام موبائل آپریٹرز کی سروسز، سگنل کے معیار اور ٹاورز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے بعد کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت دیگر بڑے شہروں میں بھی موبائل سروسز کا معیار جانچا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق سروس کوالٹی کی نگرانی کے ساتھ ساتھ ملک میں فائیو جی سروس کے رول آؤٹ کی پیش رفت بھی مانیٹر کی جائے گی۔















