پنجاب کے دیہاتوں کو مثالی گاؤں بنانے کا اعلان، کیا سہولتیں مہیا کی جائیں گی؟

0
27

پنجاب کے دیہاتوں کو مثالی گاؤں بنانے کا اعلان، کیا کیا سہولتیں مہیا کی جائیں گی؟ تفصیلات سامنے آ گئیں ۔
حکومت پنجاب کی جانب سے عوام کےلیے مثالی گاؤں پروگرام کا آغاز کر دیاگیا۔ پنجاب کی صوبائی حکومت نے صوبے کے مختلف ڈویژن اور گاؤں میں رہنے والے لوگوں کو جدید دور سے ہم آہنگ سہولتیں مہیا کرنے کی شروعات کی ہے، پنجاب حکومت کے آفیشل صفحے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ’’مثالی گاؤں‘‘ پروگرام میں پیشرفت کا جائزہ پیش کیا گیا ہے، جس کے مطابق ہر ماڈل گاؤں میں 24/7پانی کی فراہمی کا نظام ہوگا، ایک مکمل زیر زمین سیوریج نیٹ ورک اور ویسٹ مینجمنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ ہوگا۔
بنیادی ڈھانچے کے منصوبے میں پکی سڑکیں، بحالی شدہ سڑکیں، بچوں کے لیے مختص پارکس اور گاؤں کے تمام علاقوں میں منظم درخت لگانا بھی اس پروگرام میں شامل ہے۔اس منصوبے کے تحت پنجاب کے 10 ڈویژنز کے 443 دیہاتوں کو مثالی گاؤں بنایا جائے گا، پہلے مرحلے میں سرگودھا کے 36، ساہیوال کے 40 دیہاتوں میں کام ہوگا۔
گوجرانوالہ کے 53، گجرات کے 46 ماڈل ولیج بنائیں گے، اس کے علاوہ ملتان کے 62 اور ڈی جی خان کے 36 گاؤں بھی اس پروگرام سے استفادہ کریں گے۔ لاہور/ شیخوپورہ کے 46 دیہاتوں میں جدید میونسپل سروسز مہیا کی جائے گی، جبکہ روالپنڈی کے 46، بہاولپور کے 47 اور فیصل آباد کے 31 گاؤں مثالی بنیں گے۔
دسمبر کے وسط سے 224 دیہاتوں میں تمام سکیموں پر کام شروع ہوجائے گا، مثالی گاؤں کا پہلا مرحلہ 10 ماہ میں مکمل ہوگا اور 34 لاکھ آبادی مستفید ہوگی۔

Leave a reply