مرحبارمضان : شہرشہر چراغاں، بازاروں میں دلکش سجاوٹ توجہ کا مرکز

0
20

پاکستان میں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کا آغاز ہوگیا۔ماہ ِ صیام کی آمد کے ساتھ ہی ملک بھر میں استقبال ِرمضان کی خوشی میں گلی گلی، نگر نگر خصوصی روحانی محافل کا انعقاد ۔ قریۂ اسم محمد میں عقیدت اور روحانیت کی فضا قائم ہو گئی۔
مرحبا رمضان کے سلسلے میں ملک بھر کے شہر شہرکو خوبصورت اور دلکش انداز میں سجا دیا گیا اور مختلف شہروں میں مسجدوں، بازاروں، شاہراہوں اور اہم مقامات پر خصوصی روشنیوں اور چراغاں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ملک کے چھوٹے بڑے شہروں سے لیکر چھوٹے قصبوں تک ہر طرف چراغاں اور رنگ برنگی لائٹس کا دلکش منظر دیکھنے کو مل رہا ہے۔
پاکستان کے جڑواں شہروں اسلام آباد اورراولپنڈی میں رمضان کی شان اپنے عروج پر دکھائی دیتی ہے، دونوں شہروں کی بڑی شاہراہوں، مارکیٹوں اور چوراہوں پر رمضان نگہبان کے نیون سائن جگمگا رہے ہیں، جبکہ سڑکوں کے اطراف گرین بیلٹس پر رنگ برنگ روشنیاں لگائی گئی ہیں۔ مختلف شاہراہوں کے کنارے نصب پولز پر اسمائے مبارکہ روشن و تاباں ہیں ،جو رات کے وقت روح پرور منظر پیش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
سڑکوں کے کنارے درختوں پر رنگین روشنیوں سے سماں بندھ گیا ہے، جبکہ مارکیٹوں کے داخلی راستوں پر رمضان المبارک تھیم کے تحت محرابی لائٹنگ عوامی توجہ کا مرکز ہے۔
نگہبان رمضان بازار اور نگہباں دسترخوان میں روشن آرائشی محرابیں اور خصوصی لائٹنگ کا اہتمام کیا گیا ہے، جہاں شہریوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد رمضان کی خوبصورت روشنیاں اور سجاوٹ دیکھنے کیلئے رخ کر رہی ہے۔

Leave a reply