
عمران خان کی بہنوں کوجیل میں کیا سہولیات میسر ہیں؟ لاہور ہائیکورٹ نے نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو جیل میں ادویات، کپڑوں، کتابوں سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔
جسٹس عبہر گل خان نے علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کی درخواست پر سماعت کی۔ وکیل صفائی رانا مدثر عمر نے مؤقف اختیار کیا کہ 19 روز گزرنے کے باوجود نورین نیازی کو ادویات، کپڑوں اور دیگر بنیادی اشیاء فراہم نہیں کی گئیں۔ نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو ضروری سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔
جس پر جسٹس عبہر گل خان نے ریمارکس دیے کہ آپ کو کپڑے اور دوائیاں دی گئیں، باہر جا کر کہا کچھ نہیں دیا۔
عدالت نے ہدایت کی کہ مطلوبہ اشیاء کی باقاعدہ فہرست فراہم کی جائے، جس چیز کی اجازت دی جائے گی، وہی جیل کے اندر بھجوائی جائے گی۔
عدالت نے کھانے پینے کی اشیاء کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے سہولیات کی فراہمی سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔
عمران خان کی بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی نظر بندی کے خلاف درخواستوں پر کارروائی 12 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔















