انتخابات میں خواتین کی نمایاں نمائندگی کون کس بڑے عہدے پر فائز ہوا ،جانیئے !!!

0
117

پاکستان ٹوڈے کی تفصیلات کے مطابق الیکشن 2024 میں خواتین کو نمایاں نمائندگی ملی ہے، پنجاب میں ملکی تاریخ کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ جبکہ کے پی اور بلوچستان میں ڈپٹی سپیکر کے عہدے خواتین کو ملے ہیں۔پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کا اعزاز مریم نواز کو حاصل ہوا جبکہ ثریا بی بی ضلع چترال سے خیبرپختونخوا اسمبلی کی پہلی خاتون ڈپٹی سپیکر بنیں جبکہ پیپلز پارٹی کی غزالہ گولہ نے ڈپٹی سپیکر بلوچستان اسمبلی کا حلف اٹھایا۔

حالیہ عام انتخابات کے بعد مریم نواز شریف نے پنجاب کی پہلی وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھایا ،مریم نواز کو بی بی سی کی رپورٹ میں 2017 کے لئے دنیا کی 100 بااثر خواتین میں شامل کیا گیا، لیڈر شپ کے اعتراف میں انہیں پارٹی کا چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مقرر کیا گیا۔والد کی جانشین بیٹی نواز شریف کو وطن واپس لائیں، انہوں نے 2024 کا انتخابی محاذ بھی دبنگ انداز میں سنبھالا اور مسلم لیگ ن کو پنجاب اور وفاق میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی جماعت بنوایا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی غزالہ گولہ بلوچستان اسمبلی کی ڈپٹی سپیکر منتخب ہوئیں، بلا مقابلہ منتخب ہونے والی پاکستان پیپلز پارٹی کی سابق صوبائی وزیر اور پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صوبائی صدر غزالہ گولہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔خیبر پختونخوا اسمبلی میں بھی نئی تاریخ رقم ہوئی، پاکستان تحریک انصاف کی حمایت یافتہ اور سنی اتحاد کونسل کی ثریا بی بی ڈپٹی سپیکر منتخب ہوئیں۔

ثریا بی بی اپریل 1979 کو ضلع چترال کی پسماندہ تحصیل مستونگ میں پیدا ہوئیں، ثریا بی بی خیبرپختونخوا کی واحد خاتون ہیں جو جنرل نشست جیت کر صوبائی اسمبلی تک پہنچیں۔جہاں مرکز اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئیں وہیں اقتدار کے ایوانوں میں خواتین کی کثیر تعداد کا پہنچنا بھی خوش آئند ہے، خواتین ممبران قومی و صوبائی اسمبلی خواتین کو ہر شعبے میں آگے لانے کے لیے پرعزم ہیں۔نومنتخب خواتین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ خواتین کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گی۔

Leave a reply