‏اڈیالہ جیل میں ناحق قید بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کا عیدالفطر کے موقع پر جیل سے قوم کے نام خصوصی پیغام

0
41

پاکستان ٹوڈے کی تفصیلات کے مطابق بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے دنیا بھر کے مسلمانوں خصوصاً اپنی پوری قوم کو ماہِ صیّام کی تکمیل اور عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

رمضان المبارک روح و بدن کی تطہیر اور انفرادی اور اجتماعی تزکیۂ و تذکیر کا بےمثال موقع فراہم کرتا ہے، ماہِ صیّام کی فضیلتوں میں سے سب سے بڑی فضیلت نزولِ قرآن ہے جو اہلِ اسلام کیلئے بنیادی دستور، قانون اور شریعت کا منبع اور ماخذ ہے۔

عبادات قُربِ الہیٰ کا وسیلہ بنتی تو روزہ صبر و ایثار،نظم و ضبط اور لِلٰہیّت جیسے اوصاف پیدا کرکے مسلمانوں کی اجتماعیت کو اسلام کے فلسفۂ حیات سے ہم آہنگ کرتا ہے، اقتدار پر ناجائز قابض گروہ پاکستان کو دستور و قانون اور اخلاق و اقدار ہی سےنہیں بلکہ بنیادی اسلامی تعلیمات سے یکسر محروم کرتے ہوئے آمریت، لاقانونیت اور فرعونیت کو ملک پرمسلط کئے ہوئے ہے۔

عزت، ذلت، وسائلِ حیات، رزق، زندگی اور موت کا مالک رب اپنے بندوں کو باطل کے سامنے جھکنے کا نہیں، کلمۂ حق بلند کرنے کی تلقین کرتا اور اس باب میں اہلِ ایمان کو مدد اور دائمی کامیابی کی ضمانت دیتا ہے، ظلم سے خوفزدہ ہو کر ظالم سے سمجھوتہ کرنے کی بجائے ہمیں قادر و عادل رب کے وعدۂ انصاف پر بھروسہ رکھتے ہوئے ظالم کے سامنے کلمۂ حق کہہ کے جہاد کی افضل ترین قسم کو اپنانا ہوگا۔

اللہ کی وحدانیت پر ایمان رکھتے، خود کو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلّم کا امّتی شمار کرتے ہیں، اپنی اس حقیقی پہچان کو کسی ظالم کے ڈر سے داغدار نہیں کریں گے۔ حقیقی آزادی کے حصول کی راہ میں جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے معصوم شہریوں/کارکنوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

ابتلاء و آزمائش کا نہایت ہمّت اور حوصلے سے مقابلہ کرنے والے اور قید و بند، انتقام و آزار، نجی و کاروباری نقصانات کا نارروا بوجھ برداشت کرتے ہوئے ڈٹ جانے والے کارکنان اور شہریوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

حقیقی آزادی قوم کا مقدر ہے، اسے جبر و فسطائیت اور سازش و شرانگیزی کے کسی خفیہ و اعلانیہ حربے سے زیادہ دیر تک ٹالا نہیں جاسکتا، عیدالفطر کے بابرکت موقع پر ربّ العزّت سے پاکستان کی سلامتی اور سالمیت کی دعا کرتے اور ریاستی و غیرریاستی عناصر پر مشتمل مجرموں کے کنسورشیم کیخلاف صبر، استقامت، نصرت اور کامیابی مانگتے ہیں۔

بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف

مصنف

Leave a reply