سائنسدانوں نے پلکیں جھپکنے کی اہم وجہ دریافت کرلی

ہم پلکیں کیوں جھپکتے ہیں؟
0
75

پاکستان ٹوڈے: تحقیق کے نتائج جرنل پروسیڈنگز آف دی نیشنل اکیڈمی آف سائنسز میں شائع کر دیے گئے۔ پلکیں جھپکنے سے صرف آنکھوں کی نمی برقرار رکھنے میں ہی مدد نہیں ملتی ،بلکہ یہ عمل ہمارے لیے ایک اور وجہ سے بھی بہت اہم ہوتا ہے۔

امریکا کی روچسٹر یونیورسٹی کے ماہرین نے ایک تحقیق میں دریافت کیا ہے کہ پلکیں جھپکنے سے ہمیں آنکھوں سے دکھائی دینے والے مناظر کی تفصیلات کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔تحقیق کے مطابق پلکیں جھپکنے سے ہمارے دماغ کو کسی منظر کی مجموعی تفصیلات کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔

تحقیق کیلئے ماہرین نے لوگوں کی آنکھوں کی حرکات کو ٹریک کیا،جبکہ کمپیوٹر ماڈلز اور دیگر ڈیٹا کا تجزیہ بھی کیا۔اس سے انہیں ہی سمجھنے میں مدد ملی کہ پلکیں جھپکنے سے ہماری آنکھوں کو کیا نظر آتا ہے؟ محققین کی جانب سے یہ جانچ پڑتال بھی کی گئی کہ مختلف مناظر میں انسانی آنکھ کس حد تک حساس ہوتی ہے۔

ماہرین کے بقول جب کوئی فرد پلکیں جھپکتا ہے تو اس کیلئے مناظر میں بتدریج ہونیوالی تبدیلی کو محسوس کرنا آسان ہو جاتا ہے۔ آسان الفاظ سے اس عمل سے ہمیں اپنی آنکھوں کے سامنے موجود تفصیلات کو اکٹھا کرنے میں مدد ملتی ہے، تاکہ ہمیں معلوم ہو سکے کہ ہم کیا دیکھ رہے ہیں۔اس عمل کے دوران پلکوں کی تیز حرکت سے آنکھوں کے اندرونی اعضا مؤثر انداز سے متحرک ہوتے ہیں، جس سے ہمارے دماغ کو ایک مختلف قسم کا بصری سگنل جاتا ہے۔

بینائی کا نظام اردگرد کی تبدیلیوں کے حوالے سے بہت حساس ہوتا ہے۔محققین کے مطابق یہ ایک ارتقائی عمل ہے، نیز کسی کیمرے کے برعکس ہماری بینائی تصویر کیلئے صرف عدسے پر انحصار نہیں کرتی ،بلکہ وہ یہ دیکھتی ہے کہ تصویر کس طرح بدل رہی ہے۔

Leave a reply