شہید کیپٹن فراز الیاس کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا

0
66

چونیاں : لکی مروت بارودی سرنگ دھماکے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے کیپٹن محمدفراز الیاس کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور حاضر سروس افسران، جوانوں اورشہریوں نے شرکت کی ۔ شہداءکے جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کر دیے گئے ،جہاں انھیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

شہداء میں کیپٹن محمد فراز الیاس ،صوبیدار میجر محمد نذیر ، لانس نائیک محمد انور،لانس نائیک حسین علی ، سپاہی اسد اللہ ، سپاہی منظور حسین،سپاہی راشد محمود شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر شہداء کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چکلالہ گیریژن میں صدر مملکت اور آرمی چیف نے شہدا کے لواحقین کو گلے لگا کر دلاسہ دیا اور تعزیت کی۔

بعدازاں شہدا کی میتیں ان کے آبائی علاقوں میں پہنچا دی گئیں جہاں انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔

اس موقع پر صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ پاک فوج نے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے نظریات کو مسلسل برقرار رکھا ہے، پاک فوج نے ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پیشہ ورانہ مہارت اور وفاداری کے اعلیٰ معیار قائم کیے ہیں۔

صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ بہادر بیٹوں نے مادر وطن کے دفاع کیلئے قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کیا، پوری قوم ہماری مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا عظیم قربانی بہادر بیٹوں کے غیر متزلزل عزم کی مثال ہے جو ان کی شہادت کی صورت میں موجود ہے۔

گزشتہ روز شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشتگردوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 فوجی جوان شہید ہوئے تھے، جوابی کارروائی میں 6 دہشتگرد بھی مارے گئے تھے۔

Leave a reply