محسن نقوی کواچھی کارکردگی کی بنا پر کابینہ میں لایا گیا:عطاء تارڑ

0
110

پاکستان ٹوڈے: جیوکے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ محسن نقوی ہمارے یا اسٹیبلشمنٹ کے نمائندے نہیں ہیں،محسن نقوی کوا ن کی اچھی کارکردگی کی بنا پر کابینہ میں لایا گیا ہے

سینئر صحافی و تجزیہ کار سلیم صافی نے کہا کہ فوری طور پر نئی حکومت کے لئے کوئی خطرہ نظر نہیں آرہا ہے، موجودہ حکومت کو اسٹیبلشمنٹ کی مکمل سپورٹ حاصل ہے، آصف زرداری اور ن لیگ کو اپنا اپنا حصہ مل گیا ہے، شہباز شریف سے زیادہ آصف زرداری اسٹیبلشمنٹ کے قریب ہیں،

میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری محسن نقوی کی نگراں حکومت پر تنقید کرتے رہے تھے، انتخابات کے بعد ملک میں حکومت ساز ی کے تمام مراحل مکمل ہوچکے ہیں، انیس رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھالیا ہے ، کابینہ کا پہلا اجلاس بھی ہوگیا ہے، اس کابینہ میں وزارت خزانہ اور وزارت داخلہ ایسی شخصیات کو دی گئی ہیں .

جن کا تعلق نہ ن لیگ سے ہے نہ ہی اتحادی جماعتوں سے ہے اور نہ ہی دونوں وزراء ابھی تک قومی اسمبلی یا سینیٹ کے رکن ہیں، محمد اورنگزیب کو وزارت خزانہ اور محسن نقوی کو وزارت داخلہ دیدی گئی ہے،محسن نقوی اس وقت چیئرمین پی سی بی کے طور پر بھی کام کررہے ہیں، یاد رہے محسن نقوی کو صدر مملکت آصف علی زرداری کے قریب سمجھا جاتا ہے مگر بلاول بھٹو زرداری محسن نقوی کی نگراں حکومت پر تنقید کرتے رہے تھے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا کہ معیشت کی بحالی وزیراعظم شہباز شریف کی ترجیح ہے، وزیراعظم ٹیکس چوری کرنے والی اشرافیہ کیلئے سسٹم لانا چاہتے ہیں، ٹیکس وصول کرنے والی اتھارٹیزمیں اچھے افسران کو صلہ دیا جائے گا، کابینہ بہت توازن کے ساتھ بنائی گئی ہے، کابینہ میں تجربہ کار او ر نوجوان لوگوں کا امتزاج رکھا گیا ہے۔

عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ محسن نقوی محبت وطن پاکستانی ہیں ملک کیلئے ان کی بڑی خدمات ہیں، یہ بات غلط ہے کہ محسن نقوی کوا نتقام لینے کے لیے لایا گیا ہے، بطور نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی کی کارکردگی بہت اچھی رہی،محسن نقوی کوا ن کی اچھی کارکردگی کی بنا پر کابینہ میں لایا گیا ہے۔

Leave a reply