مریم نواز خدمت کی روایات کو آگے بڑھائیں گی: رانا ثناء اللہ

0
121

پاکستان ٹوڈے: سابق وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ آج پنجاب کی بہادر بیٹی خدمت کے سب سے بڑے منصب پر فائز ہونے جا رہی ہیں، اب مریم نواز خدمت کی روایات کو آگے بڑھائیں گی۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب کی تاریخ ہزاروں سالوں پر محیط ہے، خدمت کی جو روایات نوازشریف نے بطور وزیراعلیٰ کے منصب پر رہتے قائم کیں، نواشریف کی روایات کو شہبازشریف نے آگے بڑھایا، اب مریم نواز خدمت کی روایات کو آگے بڑھائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں تاریخی لمحہ دیکھنے آئے ہیں، مریم نواز پنجاب کی منتخب وزیراعلیٰ ہوں گی، مریم نواز صاحبہ میرٹ پر کام کریں گی، ان کو تمام طبقات کا تعاون حاصل رہے گا۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مریم نواز پنجاب میں سیاسی اور معاشی استحکام میں اپنا کردار ادا کریں گی، جب منتخب حکومت چارج سنبھالے گی تو فیصلے کرے گی، ضمنی الیکشن ان لوگوں کا بنیادی حق ہے جنہوں نے حلقوں میں محنت کی۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ان کے اوپر 2018 میں دھاندلی کا الزام تھا، وہ کہتے تھے آئینی و قانون طریقہ کار اپنائیں، اب وہ بھی آئینی و قانونی طریقہ کار اپنائیں اور ریلیف لیں، میں پارٹی کے ساتھ ہوں، پارٹی جہاں چاہے گی میں حاضر ہوں۔

Leave a reply