معصوم فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم۔شہدا کی مجموعی تعداد 26 ہزار سے تجاوز کرگئی جنوبی افریقہ کا اسرائیل کے خلاف ایک اور اہم فیصلہ

جنوبی افریقہ کا اسرائیل کے خلاف ایک اور اہم فیصلہ
0
256

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جنوبی افریقہ نے اسرائیلی فوج کو مدد دینے والے دنیا بھر کے ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج کو فنڈنگ کرنا بند کر دیں۔

میڈیا کے مطابق یہ مطالبہ جنوبی افریقہ کے وزیر خارجہ نیلیڈی پانڈور نے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی سے متعلق بین الاقوامی عدالت انصاف کے حالیہ فیصلے کی روشنی میں کیا ہے۔

بین الاقوامی عدالت انصاف نے پچھلے ہفتے جنوبی افریقہ ہی کے ایک دائر کردہ مقدمے میں فیصلہ دیا تھا۔

عدالت انصاف نے اسرائیل کو یہ حکم دیا ہے کہ وہ اپنے فوجیوں کو غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی کے ارتکاب سے روکنے کے لیے اپنی طاقت (حکومتی اختیار) کے مطابق اقدامات کرے ۔

بین الاقوامی عدالت انصاف نے اس سلسلے میں اسرائیل سے ایک ماہ کے اندر ایک رپورٹ بھی طلب کی ہے تاکہ عدالت دیکھ سکے کہ اس دوران اسرائیل نے فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کے لیے کیا اقدامات کیے ہیں۔

جنوبی افریقہ جس نے اسرائیلی فوج کی امداد روکنے اور دنیا کے ملکوں کو اسرائیل کی سہولت کاری کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے وہ شروع سے ہی فلسطین پر اسرائیلی قبضے اور اسرائیل کے نسل پرستانہ حربوں کے خلاف موقف رکھتا ہے۔

دوسری جانب غزہ پر اسرائیلی حملے جاری ہیں ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 150 فلسطینی اسرائیلی دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں، جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک شہدا کی مجموعی تعداد 26 ہزار 900 تک پہنچ گئی جبکہ 65ہزار 949 سے زائد فلسطینی زخمی ہیں

Leave a reply