پاکستان کا نیا وزیراعظم کون؟ کانٹے کے مقابلے، فیصلہ آج
پاکستان ٹوڈے کے مطابق پاکستان میں سیاست کب کیا رُخ اختیار کر جائے کسی کو کچھ معلوم نہیں، بڑے بڑے سیاستدان، تبصرہ کار، تجزیہ نگار بھی اس بارے میں صرف اندازے لگانے تک محدود رہتے ہیں، ملک میں آئندہ حکومت کس کی ہوگی؟ 12 کروڑ 85 لاکھ سے زائد ووٹرز آج فیصلہ کریں گے۔
کون سی جماعت الیکشن جیت کر فتح کا تاج اپنے سر پہنے گی؟، اقتدار کی عنان کس کے ہاتھ میں آئے گی، کس سیاسی جماعت کو کتنی نشستیں ملیں گی، آنے والی حکومت سادہ اکثریت حاصل کرے گی یا دو تہائی اکثریت کی مستحق ٹھہرے گی؟۔
کونسی جماعت کس کے ساتھ اتحاد کرے گی، دھاندلی ہو گی یا نہیں، الیکشن مینجمنٹ سسٹم کامیاب ہوگا یا وہ بھی آر ٹی ایس کی طرح بیٹھ جائے گا، نوجوان، خواتین، بزرگ ووٹ کے لیے نکلیں گے یا مایوس ہو کر گھر بیٹھے رہیں گے؟ ان سب سوالوں کا جواب آج مل جائے گا۔
عوام کے لیے مرضی کا امیدوار چننے کی گھڑی قریب آ گئی، آج سب سے بڑی عوامی عدالت لگے گی، امیدواروں کے وعدے، دعوے، یقین دہانیاں اور ارادے سب کے سامنے لیکن ووٹرز کے دل میں کیا ہے یہ آج پتہ چلے گا، عوام ووٹ کی پرچی سے آج اپنا آخری فیصلہ سنائیں گے۔
کراچی سے خیبر تک، لاہور سے پشاور تک سیاسی رہنماؤں نے ووٹرز کو رام کرنے کے لیے سب گُر آزمائے، تمام جتن کیے، بلند و بالا دعوؤں کے ساتھ الیکشن میں حصہ لینے والے تمام امیدوار اپنے اپنے حلقوں میں عوامی مقبولیت حاصل کرنے کی کوششوں میں لگے رہے، اب عوام کی باری ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پولنگ کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک ہو گی، ووٹرز کے لیے کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو گیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے اصلی شناختی کارڈ لازمی ہے، زائد المیعاد شناختی کارڈ پر بھی ووٹ ڈالا جا سکے گا، میڈیا پولنگ کے اختتام کے ایک گھنٹہ گزرنے کے بعد نتائج نشر کر سکتا ہے، میڈیا پر یہ واضح طور پر بتایا جائے گا کہ یہ رزلٹ غیر حتمی و غیر سرکاری ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق ریٹرننگ آفیسرز پولنگ سٹیشنز کا مکمل غیرحتمی رزلٹ جاری کریں گے، میڈیا انتخابی عمل کے دوران ضابطہ اخلاق کی پابندی کرے گا، خلاف ورزی پر پیمرا اور پی ٹی اے کو قانونی کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
صوبہ بھر میں الیکشن کے انتظامات کو مانیٹر کیا جا رہا ہے، حساس پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام بھی مکمل ہو گیا ہے، دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق انتخابات کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے متعدد اضلاع میں پاک فوج کے جوان پہنچ گئے، محکمہ داخلہ کے مطابق تمام اضلاع اس سلسلے میں پاک فوج سے رابطے میں ہیں، الیکشن میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عام انتخابات میں حصہ لینے والی تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی شق نمبر 48 اور 49 کے مطابق پولنگ سٹیشن کے 400 میٹر کی حدود میں کسی قسم کی مہم، ووٹرز کو ووٹ کے لئے قائل کرنے، ووٹر سے ووٹ ڈالنے یا نہ ڈالنے کی التجا کرنے اور کسی خاص امیدوار کے لئے مہم چلانے پر پابندی ہوگی۔
اسی طرح 100 میٹر کے اندر کسی خاص امیدوار کے حق میں ووٹ ڈالنے کے لئے ووٹرز کی حوصلہ افزائی یا اس کو ووٹ نہ ڈالنے کیلئے حوصلہ شکنی پر مشتمل نوٹس، علامات، بینرز یا جھنڈے لگانے پر مکمل طور پر پابندی ہو گی جبکہ سیاسی جماعتیں، امیدواران، الیکشن ایجنٹ یا ان کے حمایتی پولنگ والے دن دیہی علاقوں میں پولنگ سٹیشن سے 400 میٹر کے فاصلے پر اور گنجان آبادی والے شہری علاقوں میں 100 میٹر کے فاصلے پر اپنے کیمپ لگا سکیں گے۔
پاکستان ٹوڈے کے مطابق عام انتخابات کیلئے پولنگ کے سامان کی ترسیل بھی مکمل
پاکستان ٹوڈے کے مطابق الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ملازمین نے محدود وقت میں اپنی محنت اور منظم منصوبہ بندی کے ذریعے اہم ذمہ داری کی تکمیل کی، بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل زمینی اور ہوائی دونوں طریقوں سے مکمل کیا گیا ہے، چیلنجز کے باوجود کمیشن نے وقت پر یہ کام مکمل کیا تاکہ تمام ووٹرز ملکی انتخابات میں بہترین اور منظم طور پر شرکت کر سکیں۔
الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں انتخابات کیلئے 7 لاکھ بیلٹ باکس کا انتظام کیا جبکہ ووٹنگ کیلئے 2 لاکھ 76 ہزار سے زائد پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں، ہر پولنگ بوتھ پر دو بیلٹ باکس رکھے گئے ہیں، ایک بیلٹ باکس میں قومی اسمبلی اور دوسرے میں صوبائی اسمبلی کیلئے ووٹ کاسٹ ہوں گے۔
ملک بھرمیں 5 لاکھ 52 ہزار بیلٹ باکس استعمال ہوں گے جبکہ ڈیڑھ لاکھ ریزرو رکھے جائیں گے، بیلٹ باکس بھرجانے پر دوسرا بیلٹ باکس فراہم کیا جائے گا، بیلٹ پیپرز کی متعلقہ علاقوں میں ترسیل بھی مکمل ہو چکی ہے۔
پاکستان ٹوڈے کے مطابق میں کل ووٹرز کی تعداد
(پاکستان ٹوڈے) الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات 2024 میں نوجوان، خواتین اور بزرگ ووٹرز کی تعداد کے اعداد و شمار جاری کر دیئے، الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان کے کل ووٹرز کی تعداد بارہ کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ہے جن میں 5 کروڑ 59 لاکھ 25 ہزار 940 نوجوان ووٹرزہیں جو کل ووٹرز کا 43.85 فیصد بنتا ہے، ان ووٹرز کی عمر 18 سے 35 سال تک ہے، نوجوان ووٹرز میں 53.87 فیصد مرد اور 6.13 فیصد لڑکیاں شامل ہیں۔
ان انتخابات میں ایک کروڑ بائیس لاکھ 43 ہزار477 وہ نوجوان ہیں جو پہلی بار انتخابی عمل میں حصہ لے رہے ہیں، یہ کل ووٹرز کا 9.60 فیصد ہیں، واضح رہے پہلی بار ووٹ کاسٹ کرنے والوں کی شرح ہمیشہ سے کافی زیادہ رہتی ہے۔
(پاکستان ٹوڈے) سال 2018 کے انتخابات میں 5 کروڑ 28 لاکھ 57 ہزار 536 ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا جو کُل ووٹرز کا 52 فیصد تھا، اگر اس بار بھی ٹرن آؤٹ کی شرح 50 سے 60 فیصد رہی تو43 فیصد سے زائد نوجوانوں کا ووٹ فیصلہ کن ثابت ہوگا۔
میڈیا نمائندوں کو الیکشن 2024 سے متعلق معلومات فراہم کرنے کا حکم
پاکستان ٹوڈے کے مطابق ترجمان الیکشن کمیشن نے چاروں صوبائی الیکشن کمشنر کو مراسلہ لکھتے ہوئے کہا ہے کہ عام انتخابات 2024 کے سلسلہ میں تمام صوبائی الیکشن کمشنرز اور ترجمان متعلقہ میڈیا ٹیموں کے ساتھ باقاعدگی سے رابطہ کریں۔
ترجمان نے کہا ہے کہ صحافیوں کو عام انتخابات 2024 کے حوالے سے مختلف سرگرمیوں کے بارے میں الیکشن کمیشن کی تیاریوں سے آگاہ رکھا جائے۔
Leave a reply جواب منسوخ کریں
اہم خبریں
پاکستان ٹوڈے ڈیجیٹل نیوز پر شائع ہونے والی تمام خبریں، رپورٹس، تصاویر اور وڈیوز ہماری رپورٹنگ ٹیم اور مانیٹرنگ ذرائع سے حاصل کی گئی ہیں۔ ان کو پبلش کرنے سے پہلے اسکے مصدقہ ذرائع کا ہرممکن خیال رکھا گیا ہے، تاہم کسی بھی خبر یا رپورٹ میں ٹائپنگ کی غلطی یا غیرارادی طور پر شائع ہونے والی غلطی کی فوری اصلاح کرکے اسکی تردید یا درستگی فوری طور پر ویب سائٹ پر شائع کردی جاتی ہے۔