کراچی :زلزلے سے ملیر جیل کی دیوار میں دراڑ ،متعددقیدی فرار

0
6

کراچی میں زلزلے کے جھٹکوں کے دوران ملیر جیل سے 200 سے زائد قیدی دیوار توڑ کر فرار ہوگئے جن میں سے متعدد کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔
کراچی کی ملیر جیل میں صورتحال اس وقت خراب ہوئی جب شہر کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
ملیر جیل انتظامیہ کا کہناہے کہ پیر کی رات زلزلے کے دوران نقصان سے بچنے کے لیے قیدیوں کو بیرکوں سے باہر بٹھایا گیا تھا، زلزلےکے باعث ہنگامہ آرائی شروع ہوئی، قیدیوں نے پولیس اہلکاروں سے ہاتھا پائی کی اور اسلحہ چھین کر فائرنگ کی اور اس دوران 200 سے زائد قیدی فرار ہوئے۔
ڈی آئی جی جیل کراچی محمد حسن سہتو نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ زلزلے کے جھٹکوں کے دوران قیدیوں کی بڑی تعداد بیرکس سے باہر نکلی، قیدیوں نے ماڑی کا گیٹ بھی توڑا، قیدیوں نے جیل پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا۔
ڈی آئی جی جیل کا کہنا تھا کہ صورتحال قابو میں ہیں،جیل میں قیدیوں کی گنتی کریں گے تو پتہ چلے گا کتنے قیدی فرار ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قیدیوں نے جیل میں پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھینا، پولیس اور قیدیوں کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی۔ واقعہ میں ایک قیدی ہلاک ہوا جبکہ 3 قیدی، 3 ایف سی اہلکار اور 2 جیل پولیس اہلکار زخمی ہوئے جنہیں جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق فرار ہونے والے قیدیوں میں سے 50 سے زائد قیدیوں کو دوبارہ پکڑ لیا گیا ہے۔ قیدیوں کو قذافی ٹاؤن،شاہ لطیف اور بھینس کالونی سے گرفتارکیاگیا۔
سپرنٹنڈنٹ جیل ارشد شاہ کے مطابق 216 قیدی ملیر جیل سے فرار ہوئے، فرار ہونے والے 80 قیدیوں کو گرفتار کرلیا گیا، 135 سے زائد قیدی تاحال فرار ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ ادھر ملیر جیل میں سرچ آپریشن مکمل کرلیاگیا اور پولیس، رینجرز اور ایف سی نے ملیر جیل کا کنٹرول سنبھال لیا۔
وزیرداخلہ سندھ ضیا نے گفتگو میں کہا کہ ملیر جیل کی دیوارنہیں ٹوٹی،قیدی گیٹ سےنکلے ہیں، ابتدائی اطلاعات تھیں کہ جیل کی دیوار ٹوٹی ہے۔ حتمی رپورٹ آنے تک کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
وزیر جیل سندھ علی حسن زرداری نے آئی جی جیل اور ڈی آئی جیل سے رپورٹ طلب کرلی اور حکم دیا کہ علاقے کو کارڈن آف کر دیا جائے۔

Leave a reply