بظاہر تو عام اور آم کے درمیان مفہوم کا واضح فرق ہے، لیکن پاکستان میں عام اور آم کے حالات دیکھیں تو یہ فرق ’ ع‘ اور ’ا‘ سے زیادہ کا نہیں ہے۔ لوگ اپنے پسندیدہ پھل یعنی پھلوں کے بادشاہ آم کا رس بڑے شوق سے نکالتے ہیں، آم چوستے ہیں اور رس پیتے ہیں ۔ لیکن دوسری جانب ہمارے حکمران بادشاہ عوام کو حالات کی چکی میں پیس کر انکا رس نکالتے ہیں۔
دونوں صورتوں میں الف آم اور عین عام کا رس ہی نکالا جاتا ہے۔ الف اور عین والے عام میں ایک فرق یہ ہے کہ لوگ آم کا رس چوسنے اور نکالنے کےلئے گرمیوں کے موسم کا انتظار کرتے ہیں، لیکن حکومت عین والے عام کا رس یا جوس نکالنے کےلئے کسی موسم کا انتظار نہیں کرتے۔ سال کے تین سو پینسٹھ دن عوام کا رس نکالا جاتا ہے، مہنگائی کی چکی میں پیس کر بجلی کے بلوں کا جھٹکا لگا کر بیروزگاری سے بھوکا رکھ کر اور ناانصافیوں سے عوام کا رس نکالا جاتا ہے۔
جیسے آم کی کئی قسمیں ہیں، لنگڑا، چونسا، سندھڑی وغیرہ، اسی طرح عام کو بھی حالات نے اتنی ٹھوکریں لگائی ہیں کہ یہ سب لنگڑے ہی بن کر رہ گئے ہیں، جن عام عوام کا جوس نکالا جاتا ہے، وہ صرف سندھڑی نہیں ہیں، بلکہ سندھڑی ،پنجابی، بلوچی اور پٹھان سب ہیں۔
آپ عام اور آم کا ایک اور افسوسناک پہلو ملاحظہ فرمائیں۔جس طرح ’ آ ‘ آم کی آمد پر اسے خوب پروٹوکول دیا جاتا ہے۔ اسے سٹالوں پر سجایا جاتا ہے، اسکی خوبصورت پیکنگ کی جاتی ہے، اسے گھر میں ٹھنڈی جگہ رکھا جاتا ہے، لوگوں کو گفٹ کیا جاتا ہے، مگر جب اسے استعمال کرنے کا وقت آتا ہے تو اسکا حلیہ ہی بگاڑ دیا جاتا ہے۔ اسکی کھال تک اتار دی جاتی ہے۔ ایسی ہی صورتحال عام عوام کی ہوتی ہے۔ جب ان سے ووٹ لینے ہوتے ہیں، تو عام عوام کو بھی آم کی طرح کا پروٹوکول ملتا ہے۔ انہیں سلام پیش کیا جاتا ہے، ان کے گھروں میں جاکر انکی عزت افزائی کی جاتی ہے۔ انہیں پھولوں کے ہارپہنائے جاتے ہیں۔ انہیں گاڑیوں میں بٹھا کر پولنگ بوتھ پر لے جایا جاتا ہے۔ انہیں کھانے کھلائے جاتے ہیں، انہیں جوس پلائے جاتے ہیں۔
مگر جیسے ہی سیاستدان جیت کر اقتدار میں آتے ہیں تو انکا حشر بھی اس آم کی طرح کیا جاتا ہے، جسکا جوس بھی نکالا جاتا ہے اور جسکی کھال بھی اتاری جاتی ہے۔
اس کا لب لباب یہ ہے کہ الف والا آم تو بے زبان ہے، وہ اپنے ساتھ ہونے والے حشر کا جواب نہیں دے سکتا مگر عین والے عام عوام تو شعور رکھتے ہیں۔ وہ کیوں ہر بار اپنی کھال اترواتے ہیں اور کیوں اپنا جوس نکلواتے ہیں۔ ؟
بنگلہ دیش سےعبرتناک شکست :پاکستان کرکٹ کا جنازہ
اگست 26, 2024ٹک ٹاک حکمرانوں کے بدلتے رنگ
اگست 22, 2024آکسفورڈ یونیورسٹی الیکشن: عمران خان امیدوار
اگست 22, 2024
Leave a reply جواب منسوخ کریں
اہم خبریں
پاکستان ٹوڈے ڈیجیٹل نیوز پر شائع ہونے والی تمام خبریں، رپورٹس، تصاویر اور وڈیوز ہماری رپورٹنگ ٹیم اور مانیٹرنگ ذرائع سے حاصل کی گئی ہیں۔ ان کو پبلش کرنے سے پہلے اسکے مصدقہ ذرائع کا ہرممکن خیال رکھا گیا ہے، تاہم کسی بھی خبر یا رپورٹ میں ٹائپنگ کی غلطی یا غیرارادی طور پر شائع ہونے والی غلطی کی فوری اصلاح کرکے اسکی تردید یا درستگی فوری طور پر ویب سائٹ پر شائع کردی جاتی ہے۔