اسلام آباد: تدارک سموگ کیلئے وہیکلز ایمیشن کنٹرول ایکشن پلان متعارف

اسلام آباد میں تدارک سموگ کیلئے ایکشن پلان متعارف،ادارہ برائے تحفظ ماحولیات ( پاک ای پی اے)نے وفاقی دارالحکومت میں فضائی آلودگی اور سموگ پر قابو پانے کیلئے جامع وہیکلز ایمیشن کنٹرول ایکشن پلان متعارف کرادیا ۔
ترجمان وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کے مطابق منصوبے میں گاڑیوں سے دھویں کے اخراج کو کم کرنے، صاف ایندھن کے استعمال اور برقی گاڑیوں کے فروغ کیلئے قلیل المدتی اور طویل المدتی اقدامات شامل ہیں، یہ ایکشن پلان اسلام آباد کے شہریوں کیلئے صاف اور صحت مند فضا کا ایک واضح روڈمیپ ہے۔
قلیل المدتی منصوبے کے تحت پاک ای پی اے اور اسلام آباد ٹریفک پولیس گاڑیوں کی چیکنگ کریں گے، تاکہ قومی ماحولیاتی معیار پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔اس سلسلے میں تمام سرکاری گاڑیوں کیلئے سو فیصد نیشنل انوائرومینٹل کوالٹی اسٹنڈرڈ مطابقت لازمی قرار دی گئی ہے، جبکہ نجی و تجارتی گاڑیوں کیلئے تھرڈ پارٹی اخراج ٹیسٹنگ شروع کی جائے گی۔
منصوبے کے طویل المدتی مرحلے 18 سے 60 ماہ میں برقی گاڑیوں کے فروغ، یورو5 ایندھن 2027 تک اور یورو6 ایندھن 2030 تک متعارف کروانے کے اقدامات شامل ہیں۔