امریکا نے چوری شدہ قدیم نوادرات پاکستان کو واپس کر دیئے

0
36

پاکستان ٹوڈے: امریکا نے چوری شدہ قدیم نوادرات پاکستان کو واپس کر دیئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کا قومی ورثے کے شاندار نمونوں کی واپسی پر اظہارِ مسرت۔۔۔بازیاب ہونیوالے نوادرات کی تہذیب 5000 سال پرانی نکلی۔ذرائع کے مطابق امریکا نے13 ملین ڈالر سے زائد مالیت کے چوری شدہ 133 قدیم نوادرات پاکستان کو واپس کر دیئے ہیں۔

اس ضمن میں نیویارک میں مین ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں برآمد شدہ بعض نوادرات کی نمائش بھی کی گئی۔ امریکا نے گندھارا دور کے قیمتی چوری شدہ 133 نوادرات پاکستان کو واپس کئے ہیں، یہ نوادرات واپس کرنے کی 5ویں قسط تھی۔

نیویارک میں ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر میں منعقدہ تقریب کے دوران پاکستانی قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے حکومت پاکستان کی جانب سے نوادرات وصول کئے۔ اس موقع پر انہوں نے ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر، ان کے نوادرات کی سمگلنگ یونٹ اور محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی انویسٹی گیشن کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے پاکستان کے چوری شدہ ثقافتی خزانے کی برآمدگی کیلئے کوشش کی۔

نوادرات پاکستان کو واپس بھیجنے کیلئے قونصل جنرل نے مین ہٹن میں اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ اٹارنی میتھیو بوگڈانوس، جو نوادرات کی سمگلنگ یونٹ کے سربراہ ہیں، کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط بھی کیے۔ پاکستان کے قونصلیٹ جنرل نے نیوریاک میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرکا کو بتایا کہ یہ نوادرات پاکستان بھر کے عجائب گھروں کی زینت بنیں گے۔

Leave a reply