اگر کسی کو فیئر ٹرائل کا حق دیتے ہیں اس میں مسئلہ کیا ہے؟جسٹس محمدعلی مظہر

0
25

فوجی عدالتوں میں سویلینزکےٹرائل کےکیس میں جسٹس محمد علی مظہر نےریمارکس دئیےکہ اگر کسی کو فیئر ٹرائل کا حق دیتے ہیں اس میں مسئلہ کیا ہے؟
جسٹس امین الدین کی سربراہی میں7رکنی آئینی بینچ نےفوجی عدالتوں میں سویلینز کاٹرائل کالعدم قرار دینے کےخلاف کیس کی سماعت کی۔دیگرججزمیں جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس محمد علی مظہر بنچ میں شامل تھے، اس کے علاوہ جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شاہد بلال بھی بینچ کا حصہ ہیں۔
اٹارنی جنرل منصوراعوان اوروزارت دفاع کےوکیل خواجہ حارث عدالت میں پیش ہوئے۔
اٹارنی جنرل منصور اعوان نے کہاکہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے پتا چلا کہ عدالت نے مجھے طلب کیا تھا، جب کورٹ مارشل ٹرائل ہوتا ہے تو اس کا پورا طریقہ کار ہے، ملٹری ٹرائل کیسے ہوتا ہے یہ پورا ریکارڈ عدالت کے پاس ہے، اگر کسی کو سزائے موت ہوتی ہے تب تک اس پر عمل نہیں ہوتا جب تک اپیل پر فیصلہ نہ ہو جائے۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ ہم اپیل کی بات اس لیے کر رہے ہیں کہ کیونکہ یہ بنیادی حق ہے۔ آئین میں بنیادی حقوق دستیاب ہیں، ہمارے سامنے اس وقت وہ مسئلہ ہے۔
اٹارنی جنرل نےکہاکہ خواجہ صاحب دلائل مکمل کریں تو میں مزید بات کروں گا، کلبھوشن کیس میں ایک مسئلہ اور تھا، سیکشن تھری میں فیئر ٹرائل اور وکیل کا حق ہے۔ جب فل کورٹ میں یہ معاملہ آیا تھا تو وہ بھی 18ویں ترمیم کے بعد آیا تھا، جب فل کورٹ میں یہ معاملہ تھا تو عدالت نے ہی تین آپشنز دیئے تھے۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ وہ تین آپشنز موجود ہیں، اپیل کا حق ہے یا نہیں یہ بتائیں؟
جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ اس وقت ہمارا فوکس اپیل پر نہیں تھا، اگر کسی کو فیئر ٹرائل کا حق دیتے ہیں اس میں مسئلہ کیا ہے؟
جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ اگر کوئی جج چھٹی پر چلا جائے تو آسمان سر پر اٹھا لیا جاتا ہے کہ ٹرائل لیٹ ہو رہا ہے۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ ادارہ خود شکایت کنندہ ہے وہ کیسے کیس سن سکتا ہے؟ کیا وفاق اور صوبوں کو اپنے ادارے پر اعتماد نہیں ہے؟
اٹارنی جنرل نے مؤقف اپنایا کہ جوڈیشل سسٹم کا حصہ آپ بھی ہیں میں بھی ہوں، ہم نے مل کر اس سسٹم کو ٹھیک کرنا ہے، خواجہ صاحب دلائل مکمل کریں تو میں کوشش کروں گا جتنی جلدی ہو مکمل کر لوں۔
جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ اگر خواجہ صاحب کے دلائل آج مکمل ہو گئے تو آپ کو کل سن لیں گے۔
بعدازاں عدالت نےکیس کی مزیدسماعت کل تک ملتوی کردی۔

Leave a reply