.اے آئی ٹیکنالوجی کتنی ضروری ہے؟ بل گیٹس نے بتا دیا

0
52

اے آئی ٹیکنالوجی سے سائنسی ترقی میںکتنی مدد ملے گی؟ اوراس کیلئے کیا چیز ضروری ہے؟ مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے بتا دیا۔

بل گیٹس کافی عرصے سے مصنوعی ذہانت کے پرزور حامی ہیں،مگر آرٹی فیشل انٹیلی جنس تمام تر پیشرفت کے باوجود وہ اس ٹیکنالوجی کے حوالے سے لاحق خدشات سے بھی بات چیت کرتے رہتے ہیں۔

اپنےایک حالیہ انٹرویو کے دوران بل گیٹس نے کہا ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی سے موسمیاتی تبدیلیوں سے مقابلہ کرنا آسان ہو جائے گا، مگر ساتھ میںانہوں نے انتباہ کیا ہے کہ لوگوں کو اس نئی ٹیکنالوجی کا استعمال اچھے ارادے سے کرنا چاہیے۔ بل گیٹس کے بقول اے آئی ٹیکنالوجی سے ہمیں مختلف سائنسی موضوعات کے ماڈل تیار کرنے میں مدد ملے گی، میٹریلز کو سمجھنا آسان ہو جائے گا اور بھی بہت کچھ معلوم ہوسکے گا، ہر شعبے میں اے آئی کو شامل کرنے سے تنوع کا عمل تیز ہوگا، اب چاہے وہ ادویات کا شعبہ ہو یا تعلیم کا۔

برطانوی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بل گیٹس کا کہنا تھا کہ اے آئی نے اب تک موسمیاتی تبدیلیوں سے مقابلہ کرنے کے حوالے سے معتدل کردار ادا کیا ہے۔ بل گیٹس کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت بہت اہم ہے تو ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ لوگ اسے اچھے ارادے کے ساتھ استعمال کریں۔

بل گیٹس کے مطابق جب بھی آپ کے پاس ایک نئی ٹیکنالوجی ہوتی ہے تو زیادہ تر اسے اساتذہ، ڈاکٹروں اور سائنسدانوں کی جانب سے استعمال کیا جاتا ہے ،تاکہ اسے زیادہ مؤثر بنایا جاسکے، مگر اے آئی ٹیکنالوجی کو لوگ سائبر حملوں وغیرہ کیلئے بھی استعمال کر سکتے ہیں، تاہم بل گیٹس کے بقول یہ ٹیکنالوجی لوگوں کے کام کرنے، سیکھنے، سفر، طبی نگہداشت اور ایک دوسرے سے رابطوں کو بدل کر رکھ دے گی۔

Leave a reply