بال ٹیمپرنگ کا الزام ثابت، فخر زمان 2 میچز کیلئے معطل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن میں گیند سے چھیڑ چھاڑ کے معاملے پر قومی کرکٹر فخر زمان کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دو میچز کیلئے معطل کر دیا گیا ہے، جس کی تصدیق پاکستان کرکٹ بورڈ نے کر دی۔
پی سی بی کے مطابق فخر زمان نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.14 کی خلاف ورزی کی، جس کے تحت گیند کی حالت تبدیل کرنا سنگین جرم شمار ہوتا ہے۔ یہ واقعہ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان میچ کے دوران پیش آیا۔
میچ کے دوران امپائرز نے لاہور قلندرز پر 5 رنز کی پنالٹی عائد کی اور گیند کو تبدیل کر دیا گیا۔ فخر زمان نے الزامات تسلیم نہیں کیے اور سماعت کے دوران اپنا مؤقف پیش کیا۔
میچ ریفری روشن مہاناما نے شواہد کا جائزہ لینے کے بعد فخر زمان کو لیول تھری آفنس کا مرتکب قرار دیتے ہوئے دو میچز کی پابندی سنا دی۔ سماعت کے موقع پر شاہین شاہ آفریدی، ثمین رانا اور ٹیم منیجر بھی موجود تھے۔
قوانین کے مطابق لیول تھری خلاف ورزی پر ایک سے دو میچز کی پابندی عائد کی جا سکتی ہے، جبکہ کھلاڑی کو 48 گھنٹوں کے اندر اپیل کا حق بھی حاصل ہوتا ہے۔
لاہور قلندرز کو اب اپنے اگلے میچز میں مشکلات کا سامنا ہوگا، کیونکہ ٹیم 3 اپریل کو ملتان سلطانز اور 9 اپریل کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف اپنے اہم بیٹر کے بغیر میدان میں اترے گی۔















