پی ایس ایل 11: فخر زمان پر گیند سے چھیڑ چھاڑ کے الزام میں لیول تھری چارج عائد

0
103

پی ایس ایل 11 میں گیند سے چھیڑ چھاڑ کے الزام پر لاہور قلندرز کے فخر زمان کو لیول تھری جرم کے تحت چارج کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزیوں سے متعلق اعلامیہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ فخر زمان پر پی ایس ایل کی پلیئنگ کنڈیشنز کے آرٹیکل 41.3 کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے، جو گیند کی حالت خراب کرنے سے متعلق ہے۔
پی سی بی کے مطابق میچ ریفری روشن ماہنامہ نے اس معاملے کی ڈسپلنری سماعت کی، جس دوران فخر زمان نے اپنے خلاف عائد الزامات سے انکار کیا۔ کیس کی مزید سماعت آئندہ 48 گھنٹوں میں ہوگی، جبکہ حتمی فیصلہ میچ ریفری سنائیں گے۔
واضح رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز کی اننگز کے دوران گیند کی حالت میں تبدیلی پر لاہور قلندرز کو 5 رنز کی پنالٹی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دی۔ لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 128 رنز بنائے، جبکہ کراچی کنگز نے 129 رنز کا ہدف آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

Leave a reply