بانی پی ٹی آئی کی حاضری :عدالت نےاہم ہدایت کردی

0
66

بانی تحریک انصاف عمران خان کی حاضری یقینی بنائی جائے، عدالت نےسپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ہدایت کردی۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 30 جولائی تک ملتوی کر دی۔
عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک درخواست پر سماعت ایڈیشنل اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے کی۔ پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چودھری عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
انہوں نے موقف اختیار کیا کہ بیرسٹر سلمان صفدر لاہور ہائیکورٹ میں ایک کیس میں مصروف ہیں، ضمانت کی درخواستوں پر سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کی جائے۔
جج افضل مجوکا نے ریمارکس دیئے کہ جلدی سماعت نہیں رکھی جاسکتی، کیس کی مزید کارروائی چھٹیوں کے بعد ستمبر تک ملتوی ہوگی۔
پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چودھری نے کہا کہ آئندہ ہفتے سماعت رکھ لیں، بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دینے ہیں۔
جج افضل مجوکا نے کہا کہ آئندہ ہفتے تو کیسز کا کافی رش ہے۔ سیشن جج اسلام آباد نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ویڈیو لنک یا ذاتی حیثیت میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 30 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر دلائل طلب کرلئے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے بانی چیئرمین پر تھانہ ترنول میں 2، رمنا، سیکرٹریٹ، کوہسار اور کراچی کمپنی تھانوں میں ایک ایک مقدمہ درج ہے جبکہ بشریٰ بی بی کے خلاف تھانہ کوہسار میں توشہ خانہ جعلی رسیدوں کا مقدمہ درج ہے۔ عمران خان کے خلاف جعلی رسیدوں کا ایک اور5 مقدمات 9 مئی واقعات کے درج ہیں۔

Leave a reply