برطانوی چینل 4 نے اپنی پہلی اے آئی پریزنٹر متعارف کروا دی

میڈیا کی دنیا میں انقلاب برپا، برطانوی چینل 4 نے اپنی پہلی مصنوعی ذہانت کی حامل اے آئی ٹی وی پریزنٹر متعارف کروا دی ۔
رپورٹ کے مطابق چینل فور پر پہلی بار تجرباتی طور پر مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ پریزنٹر نے ٹی وی سکرین پر ڈاکیومنٹری کی میزبانی کی۔اے آئی پریزنٹر کا انداز بیاں، چہرے کے تاثرات اور آواز کا زیر وبم اتنا حقیقی دکھائی دیا کہ ناظرین محسوس ہی نہ کر سکے کہ یہ پریزنٹر کوئی انسان نہیں، بلکہ مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ فیمیل پریزنٹر کا ماڈیول ہے۔اگلے ہی لمحے پریزنٹر یہ کہہ کرناظرین کو حیران کر دیتی ہے کہ میں حقیقی نہیں ہوں، بلکہ ایک اے آئی پریزنٹر ہوں، جس کو برطانوی ٹی وی نے سب سے پہلے اپنی سکرین پر پیش کیا ہے۔
خاتون پریزنٹر چینل فور کی سکرین پر نمودار ہوتی ہے اور کہتی ہے کہ اے آئی آئندہ چند سال میں سب کی زندگیوں میں شامل ہونے والی ہے ، اے آئی کی وجہ سے کچھ افراد اپنی ملازمتوں سے محروم بھی ہو سکتے ہیں، جن میں کال سینٹر کے کارکن، کسٹمر سروس ایجنٹس یا میرے جیسے ٹی وی پریزنٹرز بھی شامل ہو سکتے ہیں۔
یہ تجربہ نا صرف ٹیکنالوجی کی حیران کن ترقی کو ظاہر کرتا ہے، بلکہ ایک سوال بھی اٹھاتا ہے کہ جب اتنا موثر، قابلِ یقین اور سستا متبادل دستیاب ہو گا ، جس کے باعث انسان اور مشین میں فرق مٹنے لگے گا، تو پھر تخلیقی پیشوں صحافت ،یعنی میڈیا انڈسٹری میں انسانوں کا مستقبل کیا ہوگا؟















