خاور مانیکا پر تشددکرنے والے وکیل کی درخواست ضمانت خارج

0
102

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا پر تشدد کرنے والے پاکستان تحریک انصاف کے وکیل کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری خارج کردی ہے۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے تحریک انصاف کے وکلا کی جانب سے خاور مانیکا پر تشدد کرنے سے متعلق کیس پر سماعت کی۔ عدالت نے خاور مانیکا تشدد کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے وکیل فتح اللہ برکی کی ضمانت خارج کر دی جبکہ پی ٹی آئی کے دیگر وکلا کی ضمانت کی توثیق کر دی۔

درخواستگزاروں کی جانب سے ریاست حسین آزاد ایڈووکیٹ، سردار مصروف ایڈووکیٹ اور دیگر وکلا پیش ہوئے جبکہ مقدمے میں نامزد ملزم عثمان ریاض گل اور دیگر بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ خاور مانیکا پر تشدد سے متعلق کیس میں تحریک انصاف کے وکلا عثمان ریاض گل، فتح اللہ برکی اور زاہد بشیر ڈار نے ضمانت کی درخواستیں دائر کی تھیں جبکہ ملزمان میں مرزا عاصم بیگ، انصر محمود کیانی اور سعید خان سدوزئی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل عدت میں نکاح سے متعلق کیس کی سماعت کیلئے خاور مانیکا عدالت میں پیش ہوئے تھے جنہیں تحریک انصاف کے وکلا نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

Leave a reply