دنیا کا سب سے مہنگا سکول ، کتنی فیس اور کیاکیا سہولیات ہوں گی؟

0
22

شعبہ تعلیم میں نیا انقلاب برپا، دنیا کا سب سے مہنگا سکول کہاں بنایا جا رہا ہے؟سکول میں کیا کیا سہولتیں اور کتنی فیس ہو گی؟ تفصیلات سامنے آ گئیں۔
پرائیوٹ سکولز بچوں کو تعلیم دینے کیلئے خطیر رقم وصول کرتے ہیں ،لیکن دبئی میں رواں سال ایک ایسا سکول کھلنے والا ہے، جس کی فیس جان کر آپ حیران رہ جائیں گے۔
الامارات الیوم کے مطابق جیمز ایجوکیشنل گروپ دبئی میں جیمز ریسرچ اینڈ انوویشن سکول شروع کر رہا ہے، جس کو دبئی سپورٹس سٹی میں تعمیر کیا جا رہا ہے اور یہ سکول رواں سال اگست میں کھل جائے گا۔ اس سکول کی سالانہ فیس 56 ہزار ڈالر (پاکستانی ڈیڑھ کروڑ روپے) یعنی ماہانہ 13 لاکھ روپے ہو گی۔یہی وجہ ہے کہ اس سکول کو دنیا کا مہنگا ترین تعلیمی ادارہ قرار دیا جا رہا ہے۔
سکول کا کیمپس 47 ہزار 600 مربع میٹر کے رقبے پر تعمیر کیا گیا ہے اور اس پر 100 ملین ڈالر (27 ارب روپے سے زائد) کی لاگت آئی ہے اور اس میں طلبا کیلئے جدید دور کی تمام سہولیات اور ٹیکنالوجیز فراہم کی گئی ہیں۔سکول میں نیا برطانوی نصاب پڑھانے کیساتھ مستقبل کے موضوعات جیسے مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، ای سپورٹس اور گیم ڈیزائن کو ابتدائی عمر سے ہی تعلیم دی جائے گی۔غیر نصابی سرگرمیوں میں یہاں جمناسٹک، تیراکی، تھیٹر، موسیقی، کلاسیکی اور جدید پرفارمنگ آرٹس میں طلبا کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جائے گا۔
سکول پرنسپل کے مطابق یہاں پہلے سال کنڈر گارٹن سے چھٹی جماعت تک کے طلبا و طالبات کو داخلہ دیا جائے گا اورسالانہ بنیاد پر دیگر کلاسز کا اضافہ کیا جائے گا۔ ابتدائی کلاسوں میں طلبا کی تعداد صرف 16 تک رہے گی، جبکہ چھٹی جماعت میں 20 طلبا سے زیادہ نہیں ہوں گے۔

Leave a reply