سیاحت کا فروغ :راولپنڈی تا مری گلاس ٹرین منصوبہ کب مکمل ہو گا؟

0
6

راولپنڈی تا مری ٹورسٹ گلاس ٹرین منصوبہ کب مکمل ہو گا؟ سیاحتی ٹرین کے4 روٹس میں کون کون سے سٹیشن آئیں گے؟تمام ترتفصیلات سامنےآ گئیں۔
راولپنڈی سے مری تک گلاس ٹرین منصوبے کی فیزیبلیٹی سٹڈی مکمل ہو چکی اور اب اس منصوبے کے حوالے سے روٹس، سٹیشنز اور دیگر معلومات بھی سامنے آ گئی ہیں۔ گلاس ٹرین کے اس منصوبے کا مقصد سیاحت کو فروغ دینا اور مسافروں کو ایک آرام دہ اور دلچسپ سفری تجربہ فراہم کرنا ہے، یہ منصوبہ نا صرف سیاحوں کیلئے پُر کشش ہوگا، بلکہ مقامی افراد کو جدید سفری سہولت بھی میسر آئے گی۔
گلاس ٹرین کی فیزیبلیٹی سٹڈی کے مطابق گلاس ٹرین کے 4 روٹس ہوں گے، جس میں روٹ نمبر وَن ییلو لائن، روٹ ٹو سیان لائن، روٹ تھری بلیو لائن اور روٹ فور گرین لائن کہلائےگا۔تقریباً 47 کلو میٹر طویل روٹ نمبر ون ییلو لائن ٹرین پر مشتمل ہوگا، جس کی شروعات ایچ نائن مارگلہ سٹیشن سے ہوگی اور اختتام پنڈی پوائنٹ ہوگا اور اس پورے روٹ میں 11 سٹیشنز شامل ہوں گے، جن میں اسلام آباد سٹیشن، بارہ کہو سٹیشن، بحریہ گولف سٹیشن، گھوڑا گلی اور مری سٹیشن شامل ہے، ٹرین اس روٹ پراپنا سفر تقریباً 97 منٹ 6 سیکنڈ میں طے کرے گی۔
روٹ نمبر ٹو سیان لائن ٹرین پر مشتمل ہو گا جس کا سفر ایچ نائن مارگلہ سٹیشن سے شروع ہو کر لوئر ٹوپا پر اختتام پذیر ہوگا۔ گلاس ٹرین کے اس روٹ میں 10 اسٹیشنز شامل ہوں گے اور اس روٹ پر ٹرین شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ، آبپارہ، لیک وویو، بارہ کہو، بروہا، گھوڑا گلی اور دیگر سٹیشنز پر رکے گی۔سیان ٹرین پر مشتمل یہ روٹ قریباً 58 کلو میٹر طویل ہوگا اور اس روٹ پر ٹرین 123 منٹ 35 سیکنڈ میں سفر طے کرے گی۔
گلاس ٹرین کا روٹ نمبر تھری بلیو لائن ٹرین پر مشتمل ہے۔ بلیو لائن ٹرین کے سفر کا آغاز ایچ نائن مارگلہ سٹیشن سے اور اختتام مری بس سٹاپ پر ہوگا۔ اس روٹ میں بھی 10 سٹیشنز شامل ہوں گے، جن میں شکر پڑیاں گراونڈ، آبپارہ، بلیو ایریا، لیک وویو پارک، قائداعظم یونیورسٹی، بارہ کہو، بروہا، نند کوٹ، کمپنی باغ اور گھوڑا گلی سٹیشنز شامل ہوں گے۔بلیو لائن ٹرین کے اس روٹ کی لمبائی قریباً 44 کلو میٹر ہوگی اور بلیو لائن ٹرین یہ روٹ 94 منٹ 6 سیکنڈ میں طے کرے گی۔
گلاس ٹرین کا روٹ نمبر فور گرین لائن ٹرین پر مشتمل ہے۔ یہ روٹ ایچ نائن سے شروع ہو کر مری بس سٹاپ پر ختم ہوگا۔ اس روٹ میں چھتر پارک، بحریہ گولف سٹی، مانگا، نند کوٹ، کمپنی باغ اور دیگر سٹیشنز شامل ہیں۔گرین لائن ٹرین کے روٹ کی لمبائی قریباً 45 کلو میٹر ہے، جس پر سفر کرتے ہوئے یہ ٹرین اپنی منزل تک 100 منٹ اور 7 سیکنڈ میں پہنچے گی۔
ذرائع کے مطابق اگلے 2 سال میں یہ منصوبہ مکمل ہو جائے گا، جس سے بلاشبہ ملکہ کوہسار مری کی سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔

Leave a reply