سیاحت کا فروغ :محکمہ سیاحت گلگت بلتستان کی شاندار کامیابی

0
3

سیاحت کا فروغ ،محکمہ سیاحت گلگت بلتستان کی شاندار کامیابی، خود کفیل بننے والا پہلا محکمہ بن گیا۔
محکمہ سیاحت گلگت بلتستان نے مالی سال 2024-25 کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 39 کروڑ 95 لاکھ روپے کا ریکارڈ ریونیو حاصل کر لیا، جو مقرر کردہ ہدف 27 کروڑ 50 لاکھ روپے سے 45 فیصد زائد ہے۔ یہ کارکردگی نا صرف مالی لحاظ سے ایک اہم سنگِ میل ہے ،بلکہ یہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبے میں پائیدار ترقی اور مؤثر حکومتی پالیسیوں کی عکاسی بھی کرتی ہے۔محکمہ سیاحت اب گلگت بلتستان کا پہلا اور واحد محکمہ بن چکا ، جو اپنے سالانہ اخراجات سے زیادہ آمدنی پیدا کر رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق محکمہ سیاحت نے رواں سال نا صرف اندرون ملک بلکہ پاکستان سے باہر مختلف بین الاقوامی فورمز پر بھی بھرپور شرکت کی اور گلگت بلتستان میں موجود ایڈونچر، کلچرل اور نیچر بیسڈ ٹورازم کے مواقع کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔ ان اقدامات کے مثبت اثرات سامنے آئے اور بیرون ممالک سے آنیوالے سیاحوں کی دلچسپی میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا۔
بین الاقوامی میڈیا، بلاگرز اور ٹریول فورمز پر گلگت بلتستان کے خوبصورت اور محفوظ سیاحتی مقامات کو سراہا گیا۔
محکمہ سیاحت کی اس کامیابی کے پیچھے کئی اہم اصلاحاتی و انتظامی اقدامات کارفرما رہے، جن میں ٹورازم فیسٹیولز کا انعقاد،ہوٹلز، گیسٹ ہاؤسز اور ٹور آپریٹرز کی رجسٹریشن و نگرانی،مقامی افراد کیلئے ٹور گائیڈ ٹریننگ پروگرامز، ملکی و غیر ملکی سیاحوں کیلئے محفوظ اور معیاری سہولیات کی فراہمی شامل ہیں ، لہٰذا محکمہ سیاحت آئندہ مالی سال میں مزید بہتر اقدامات کے ذریعے گلگت بلتستان کو ایک بین الاقوامی معیار کے سیاحتی مرکز کے طور پر اجاگر کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔

Leave a reply