سیاحت کے فروغ کا سلسلہ ،لاہورعجائب گھر کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ

0
16

سیاحت کے فروغ کا سلسلہ ،لاہورعجائب گھر کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ ،میوزیم سیاحوں کیلئے عارضی طورپرکب تک بند رہے گا؟تمام تر تفصیلات منظر عام پر آ گئیں۔
لاہور کا عجائب گھر جو برصغیر کی تاریخ، تہذیب اور ثقافتی ورثے کا سب سے اہم مرکز مانا جاتا ہے، اپنی طویل عمر کے ایک نئے باب میں داخل ہونے جا رہا ہے۔ 1894 میں قائم ہونیوالا یہ تاریخی و سیاحتی مرکز، جس نے ایک صدی سے زائد عرصے تک نوادرات اور تہذیبی آثار کو محفوظ رکھا، اب دو سال کیلئے سیاحوں اور محققین کیلئے بند ہونے جا رہا ہے، تاکہ اسے جدید سہولیات کے ساتھ نا صرف اپ گریڈ کیا جاسکے، بلکہ یونیسکو کے ماسٹر پلان کے تحت 1929 کی اصل شکل میں بحال بھی کیا جا سکے۔
لاہورعجائب گھر میں اس وقت تقریباً 60 ہزار نوادرات محفوظ ہیں جو برصغیر کی تہذیب، مذہب، فنونِ لطیفہ اور آرکیالوجی کے نایاب نقوش اپنے اندر سموئے ہوئے ہیں۔
لاہورعجائب گھر کے ترجمان کے مطابق اگرچہ ماضی میں میوزیم میں بعض جزوی تبدیلیاں کی جاتی رہی ہیں، تاہم اب جو منصوبہ شروع ہو رہا ہے، وہ نا صرف پاکستان بلکہ خطے کے میوزیم کلچر کیلئے سنگِ میل کی حیثیت رکھے گا۔
لاہورعجائب گھر میں 1929 کے بعد کی جانیوالی تمام تعمیرات اور تبدیلیوں کو ختم کرکے اس کی اصل شکل بحال کی جائیگی اور منصوبے پر 8 ملین ڈالرلاگت آئے گی۔منصوبے کے تحت ٹولنٹن مارکیٹ کے پارکنگ ایریا میں تین منزلہ نئی عمارت تعمیر کی جائے گی، جبکہ موجودہ عمارت کی چھت، ڈھانچے، ڈرینج، برقی نظام، فائر سیفٹی، روشنی، وزیٹر سروسز اور گیلریوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے گا، اسی طرح نئی تعمیر ہونیوالی عمارت اور موجودہ عمارت کو زیرزمین راہداری کے ذریعے جوڑا جائے گا۔
یہ تبدیلیاں محض عمارت تک محدود نہیں، بلکہ ایک وسیع وژن کا حصہ ہیں اور اس سلسلے میں لاہور عجائب گھر کو متوقع طور پر دسمبر کے آخر یا جنوری کے آغاز پر بند کر دیا جائے گا اور اس دوران تمام نوادرات کو دوسری جگہ منتقل کر کے محفوظ رکھا جائے گا۔ منصوبے پر عمل درآمد ملکی اور غیر ملکی ماہرین کی نگرانی میں کیا جائے گا اور اس کے مکمل ہونے کے بعد لاہور عجائب گھر نا صرف پاکستان ،بلکہ جنوبی ایشیا میں جدید ترین میوزیمز کی صف میں شامل ہو جائے گا۔

Leave a reply