وفاق بینظیرانکم سپورٹ پرنظرثانی کرے،کسانوں کوفوری ریلیف دیاجائے،بلاول

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نےکہاہےکہ وفاق بینظیرانکم سپورٹ پرنظرثانی کرے،کسانوں کوفوری ریلیف دیاجائے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتےہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کاکہناتھاکہ بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے خلاف بیانات دینے والوں کو اس پروگرام کے بارے میں معلوم بھی نہیں ہوگا، مسلم لیگ نے پروگرام سے متعلق کوئی ترمیم یا ڈرافٹ نہیں دیا، بینظیر کسان کارڈ کے ذریعے چھوٹے زمین داروں اور کسانوں کو سپورٹ کریں گے۔
بلاول بھٹوکامزیدکہناتھاکہ سیلاب کے بعد زرعی شعبہ بہت متاثر ہوا، وفاق کی ذمے داری ہے کہ وہ بینظیر انکم سپورٹ کے ذریعے لوگوں کی مدد کرے، جنوبی پنجاب کے لوگوں کا آخر قصور کیا ہے، وفاقی حکومت کو اپنی پالیسی پر نظرثانی کرنا چاہیے۔ پنجاب حکومت کی تعریف کرتا ہوں کہ انہوں نے کسانوں کے نقصانات پورے کرنے کا اعلان کیا ہے، وزیراعظم کے بھی شکرگزار ہیں کہ انہوں نے زرعی ایمرجنسی نافذ کی اور متاثرین کےبجلی کے بل معاف کیے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کاکہناتھاکہ گندم کی فصل کو سپورٹ کریں گے تاکہ گندم درآمد کرنےکی ضرورت نہ پڑے، وفاق گندم خریداری اور امدادی قیمت نہ دینے کے معاملے پر آئی ایم ایف سے بات کرے، ہم کراچی میں سڑکیں بناتے ہیں، کوئی صاحب آتے ہیں اور لائن ڈالنےکے لیے سڑک کھود دیتے ہیں، لیاری میں نئی سڑکیں تعمیر ہوئیں تو گیس کی لائن ڈالنےکا کام شروع کردیاگیا، کراچی کی ترقی و تعمیر ہماری ترجیح ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے انداز کو اپنا کرعوام کو ریلیف دے سکتے ہیں۔
اُن کامزیدکہناتھاکہ امید ہے دوحہ پر حملے کے بعد مشرق وسطیٰ کے ممالک اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کریں گے، سعودی عرب کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر سارے پاکستان نے سراہا، معاہدے سے متعلق ان کیمرا بریفنگ بھی ہوگی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کاکہناتھا بلوچستان کے عوام کی شکایات اپنی جگہ ہیں، دہشتگردی کا مسئلہ سب سے بڑا مسئلہ ہے، ماضی میں بھی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیاب ہوئے ہیں تاہم بلوچستان کا حل سیاسی ہے، سیاسی اتفاق رائے سے ایسے فیصلے لینے پڑیں گےتاکہ کہ عوام کا فائدہ ہو۔