عالمی بینک کے 16.6 ارب ڈالر کے 57 منصوبے جاری، مزید فنڈنگ کا عندیہ

عالمی بینک کے 16.6 ارب ڈالر کے 57 منصوبے جاری ہیں ، مزید فنڈنگ کا عندیہ بھی مل گیا۔
اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کو قرض انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن (IDA) اور انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈیولپمنٹ (IBRD) کے ذریعے فراہم کیا جا رہا ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق پاکستان میں عالمی بینک کی فنڈنگ سے 57 ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جن کی مجموعی لاگت 16.6 ارب ڈالر ہے۔ ان منصوبوں کا تعلق زراعت، پانی، توانائی، مالیات اور محصولات جیسے شعبوں سے ہے۔
اقتصادی امور ڈویژن کا کہنا ہے کہ نئے قرض سے جن منصوبوں کو سپورٹ کیا جائے گا ان میں مواصلات، دیہی و شہری ترقی، انسانی وسائل، سماجی خدمات اور گورننس سے متعلق منصوبے شامل ہوں گے۔
دستاویزات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گزشتہ سات برسوں کے دوران عالمی بینک پاکستان کو 11 ارب 84 کروڑ ڈالر کی فنڈنگ فراہم کر چکا ہے، جن میں سب سے زیادہ یعنی 1.96 ارب ڈالر توانائی کے شعبے کے لیے دیے گئے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال میں پاکستان کو 1.8 ارب ڈالر قرض دیا گیا جبکہ رواں مالی سال میں یہ رقم 2 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائے گی۔