علی امین گنڈاپور کا وزارتِ اعلیٰ سے استعفیٰ، سہیل آفریدی نئے وزیراعلیٰ نامزد

0
7

علی امین گنڈاپور نے وزارتِ اعلیٰ سے استعفیٰ دےدیاجبکہ سہیل آفریدی نئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نامزد ہوگئے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔
اپنے بیان میں علی امین گنڈاپور نے واضح کیا کہ وہ پارٹی قیادت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور وزارتِ اعلیٰ کا منصب چھوڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کو ان کی مکمل حمایت حاصل رہے گی۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہم سب کو بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور پارٹی پالیسی پر عملدرآمد کے لیے متحد ہو کر آگے بڑھنا ہوگا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کو وزارتِ اعلیٰ سے ہٹانے کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ہے، اور سہیل آفریدی کو خیبر پختونخوا کا نیا وزیراعلیٰ نامزد کر دیا گیا ہے۔
سلمان اکرم راجہ کے مطابق، خیبر پختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے پیشِ نظر نئی قیادت کی ضرورت محسوس کی گئی۔ آج اورکزئی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں سیکیورٹی فورسز کے جوان شہید ہوئے، جس کے بعد حکومتِ خیبر پختونخوا کو ہدایت دی گئی کہ وہ وفاق کی پالیسیوں سے خود کو الگ رکھے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا واحد حل مذاکرات ہیں، اور توقع ہے کہ سہیل آفریدی وفاقی حکومت کو اس حوالے سے رہنمائی فراہم کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ ایک نیا آغاز ہوگا، جس کے تحت پارٹی ایک نئی پالیسی کے ساتھ آگے بڑھے گی۔اسمبلی سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ منتخب کرے گی، اس میں کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی۔
یاد رہے کہ نامزد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے ہے، اور وہ پہلی بار پی کے 70 سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔ وہ انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن خیبرپختونخوا کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔

Leave a reply