عیدالاضحی پرپاکستان ریلویز کی طرف سے مسافروں کیلئے بڑا ریلیف

0
7

بڑی عید پرریل کے مسافروں کیلئے بڑی خوشخبری،پاکستان ریلویز نےعیدالاضحی پر مسافروں کیلئے بڑے ریلیف کا اعلان کر دیا۔
ریلویز ہیڈکوارٹرز لاہور کے مطابق محکمہ ریلوے کی جانب سے عیدالاضحی کے موقع پرمسافروں کو خصوصی رعایت دینے کیلئے ریلیف کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے مطابق عید کے پہلے، دوسرے اور تیسرے روز کرایوں میں 20 فیصد کمی ہوگی۔
ریلوے کی جانب سے عید کے تینوں دن کرایوں میں 20 فیصد رعایت پاکستان ریلویز کے زیر انتظام چلنے والی تمام ٹرینوں اور کلاسز پر لاگو ہوگی، تاہم یہ رعایت صرف کرنٹ بکنگ پر دستیاب ہوگی اور اس کا اطلاق عید کی سپیشل ٹرینوں پر نہیں ہوگا۔
ذہن نشین رہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر پاکستان ریلویز کی جانب سے5 عید سپیشل ٹرینیں چلانے کا بھی اعلان کیا گیا۔دو روز قبل دوسری عید سپیشل ٹرین تقریباً450 مسافروں کو لیکر کوئٹہ سے پشاور پہنچی، تیسری سپیشل ٹرین 3 جون کو شام 5 بجے لاہور سے کراچی کیلئے روانہ ہوئی، جبکہ چوتھی ٹرین رات 8 بجے کراچی سے راولپنڈی کیلئے روانہ ہوئی،اسی طرح پانچویں اور آخری عید سپیشل ٹرین 4 جون کو رات 8 بجے کراچی سے روانہ ہوئی ، جو آج لاہور ریلوے سٹیشن پہنچے گی۔
ترجمان ریلوے کے مطابق ان سپیشل ٹرینوں کے ذریعے بڑی عید کے موقع پر بڑھنے والے رش کو کنٹرول کرنے اور ریل کے مسافروں کو آرام دہ، محفوظ اور بروقت سفری سہولت مہیا کرنے کا ہدف رکھا گیا ۔

Leave a reply