لاہور : سموگ اور فضائی آلودگی کے تدارک کیلئے 90 روزہ ایکشن پلان

0
5

لاہور میں سموگ اور فضائی آلودگی کے تدارک کیلئے 90 روزہ ایکشن پلان تجویزکیاگیا۔
ماہرین کی تجاویز کی روشنی میں مرتب کیے گئے ایکشن پلان میں کہا گیا ہے کہ فصلوں کی باقیات جلانے پر مکمل پابندی اور کسانوں کو متبادل ذرائع فراہم کیے جائیں گے، کوڑا کرکٹ جلانے کے خاتمے، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی اور صرف جدید ٹیکنالوجی والے بھٹوں کو چلنے کی اجازت دینے کی تجاویز دی گئی ہیں۔
شہر کے داخلی راستوں اور شاہراہوں پر شجرکاری، تعلیمی اداروں میں سبزہ بڑھانے، شہریوں میں آگہی مہمات چلانے اور رائیڈ شیئرنگ اور الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینے جیسی تجاویز بھی دی گئی ہیں۔اس کے علاوہ دی اربن یونٹ، پاکستان ائیرکوالٹی انیشیٹو اور ادارہ تحفظ ماحولیات کے پاس ائیر کوالٹی سے متعلق ڈیٹا کو اکٹھا کرکے آگہی ویڈیوز بنائی جائیں گی اور شہریوں کو آرگینک فارمنگ کی طرف راغب کیا جائے گا۔
اس ضمن میں حکومت ِپنجاب کی طرف سے متعدد اقدامات شروع کیے گئے ہیں، جن میں کسانوں کو فصلوں کی باقیات جلانے کی بجائے تلف کرنے کیلئے خصوصی مشینری کی فراہمی، بھٹہ خشت کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنا اور تحفظ ماحولیات فورس کا قیام اہم اقدام ہے،اس کے ساتھ شہر ی ٹرانسپورٹ میں الیکٹرک بسوں کی فراہمی، سڑکوں پر پانی کے چھڑکاؤ کیلئے گاڑیوں کی تعیناتی اور فضائی معیار کی نگرانی کیلئے ایئر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم بھی متعارف کروایا گیا ہے۔

Leave a reply