متنازع بیان اوراشارہ:آئی سی سی نےسوریاکماراورحارث رؤف کوجرمانہ کردیا

ایشیاکپ ٹی ٹوئنٹی2025میں متنازع بیان دینےاوراشارہ کرنےپرانٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )نےبھارتی کپتان سوریاکماریادیو اورپاکستانی بولرحارث رؤف پر30فیصدجرمانہ عائدکردیاجبکہ صاحبزادہ فرحان کووارننگ دےدی گئی۔
ذرائع کےمطابق پاکستان اوربھارت کےدرمیان ایشیاکپ کا پہلا میچ 14 ستمبر کو کھیلاگیاجس میں جیت کے بعدبھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے پریزنٹیشن کے دوران پہلگام واقعے سے متعلق متنازع بیان دیا تھا۔اس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی کو خط لکھ کر بھارتی کپتان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
بھارتی میڈیاکےمطابق سیاسی بیان بازی پر بھارتی کپتان سوریاکمار یادیو پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
پاکستان اوربھارت کےدرمیان ایشیاکپ کےسپرفورمرحلےمیں21ستمبرکو ایک بارپھرٹاکراہواجس میں صاحبزادہ فرحان نےففٹی کرکے بیٹ کوگن کی طرح بناکرفائرنگ کااشارہ کیااورپاکستانی بولرحارث روف نےدوران فیلڈنگ ہاتھ سےچھ صفرکااشارہ کیاتھا،جس پربھارتی کرکٹ بورڈنےآئی سی سی کوشکایت کی تھی۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی نے بولرحارث رؤف پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا ہے جبکہ صاحبزادہ فرحان کو وارننگ دے دی گئی۔
جمعہ کے روز بھارتی بورڈ کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت پر حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان آئی سی سی میں پیش ہوئے تھے۔
سماعت آئی سی سی کے میچ ریفری رچی رچرڈسن نے کی جنہوں نے دونوں کھلاڑیوں سے کئی سوالات کیے۔
ذرائع کے مطابق صاحبزادہ فرحان نے غلطی تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ پٹھان لوگ ایسے ہی جشن مناتے ہیں، جشن کا مقصد بھارت کو کچھ ثابت کرنا نہیں تھا۔
حارث رؤف نے سماعت کے دوران کہا کہ میں نے کوئی سیاسی اشارہ نہیں کیا۔
میچ ریفری نے حارث رؤف سے پوچھا کہ چھ صفر کا کیا مطلب ہے جس پر انہوں نے الٹا میچ ریفری سے ہی پوچھ لیا کہ آپ بتادیں اس کا کیا مطلب ہے۔
تاہم آئی سی سی نے حارث رؤف کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے ان پر جرمانہ عائد کردیا۔















