ملک بھر میں یومِ پاکستان بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

0
6

یومِ پاکستان23 مارچ،وطن عزیزکی تاریخ کا سنہرا اور تجدید عہد کا دن،آج ملک بھر میں یومِ پاکستان بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔
آج سے 85 برس قبل 23 مارچ 1940 کو منٹو پارک موجودہ اقبال پارک لاہور میں آل انڈیا مسلم لیگ کے جلسے میں قرار دادِ پاکستان منظور کی گئی،یہی وجہ ہے کہ 23 مارچ کا دن پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔
دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آبادمیں 31، صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، ، فضا نعرہ تکبیر سے گونج اٹھی، اس کے علاوہ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک اور قوم کی سلامتی و ترقی کیلئے دعائیں کی گئیں۔
مشرق وسطیٰ میں کشیدہ حالات کے پیش نظر ملکی سطح پر جاری کفایت شعاری کے تحت یوم پاکستان سادگی سے منایا جا رہا ہے، اس دن کی مناسبت سے ہونے والی پریڈ منسوخ کر دی گئی ہے۔
لاہور میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ہوئی جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے قومی پرچم لہرایا، وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
یوم پاکستان کے موقع پر مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے شاندار مارچ پاسٹ پیش کیا۔
تقریب کے دوران پاک فضائیہ نے مزارِ اقبال کی سکیورٹی کا چارج سنبھال لیا، جبکہ اس سے قبل سکیورٹی کی ذمہ داری ستلج رینجرز کے پاس تھی۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی ایئر وائس مارشل محمد شاہد افضال، ایئر آفیسر کمانڈنگ پی اے ایف ایئرمین اکیڈمی کورنگی کریک تھے۔
مہمانِ خصوصی ایئر وائس مارشل محمد شاہد افضال نے مزار اقبال پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، بعد ازاں انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔
یوم پاکستان پر گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی، سندھ کابینہ کے اراکین بھی وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ تھے۔
گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ نے مزار قائد پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی، بعدازاں دونوں نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے۔

Leave a reply