موبائل انٹرنیٹ بندش،عدالت نےہدایت کردی

بلوچستان ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ، موبائل انٹرنیٹ بندش محدود کرنے اور پبلک ٹرانسپورٹ بحال کرنے کی ہدایت کردی۔
بلوچستان ہائیکورٹ نے صوبے میں موبائل انٹرنیٹ کی بندش کے خلاف دائر پٹیشن پر سماعت کرتے ہوئے حکومت کو ہدایت دی ہے کہ جہاں سیکیورٹی خدشات موجود نہیں، وہاں موبائل نیٹ ورکس اور ڈیٹا سروسز فوری طور پر بحال کی جائیں۔
چیف جسٹس روزی خان بریچ اور جسٹس سردار احمد حلیمی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش سے متعلق جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کو بھی فوری طور پر واپس لینے کا حکم دیا۔
عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ حکومت موبائل انٹرنیٹ بندش کے اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے، جو کہ 31 اگست تک کے لیے کیا گیا ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ صرف ان علاقوں میں سروسز بند رکھی جائیں جہاں حقیقی سیکیورٹی خدشات موجود ہوں۔
بعدازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21 اگست تک ملتوی کر دی ہے۔